QR CodeQR Code

شاہ فیصل، سرتاج مدنی اور پیر منصور کا پی ایس اے منسوخ

3 Jun 2020 20:30

تینوں مین سٹریم لیڈران گذشتہ برس ماہ اگست سے ایام اسیری کاٹ رہے ہیں جب بھارت نے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اس کو مرکز کے دو زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کی حکومت نے شاہ فیصل، سرتاج مدنی اور پیر منصور پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ منسوخ کردیا ہے۔ تینوں مین سٹریم لیڈران گذشتہ برس ماہ اگست سے ایام اسیری کاٹ رہے ہیں جب بھارت نے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اس کو مرکز کے دو زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی کے این او کے مطابق تینوں لیڈران پر عائد پی ایس اے منسوخ کیا گیا ہے اور اُن کی رہائی کسی بھی وقت متوقع ہے۔ آئی اے ایس ڈگری یافتہ شاہ فیصل سرکاری نوکری چھوڑ کر سیاست میں آئے ہیں جبکہ مدنی اور منصور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈران میں شامل ہیں۔ مدنی پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کے ماموں بھی ہیں۔ دریں اثناء جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے شاہ فیصل، سرتاج مدنی اور پیر منصور پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ منسوخ کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے محبوبہ مفتی، علی محمد ساگر اور ہلال راتھر کی رہائی پر زور دیا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا کہ شاہ فیصل، پیر منصور اور سرتاج مدنی کی رہائی کے بارے میں سن کر اچھا لگا، مایوسی کی بات ہے کہ محبوبہ مفتی، علی ساگر اور ہلال راتھر ابھی تک مقید ہیں۔


خبر کا کوڈ: 866431

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866431/شاہ-فیصل-سرتاج-مدنی-اور-پیر-منصور-کا-پی-ایس-اے-منسوخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org