0
Friday 22 Jul 2011 20:16

خطے میں بھارت کو ’’تھانیدار‘‘ بنانے کا امریکی عزم سرد جنگ کا آغاز ہے، صاحبزادہ فضل کریم

خطے میں بھارت کو ’’تھانیدار‘‘ بنانے کا امریکی عزم سرد جنگ کا آغاز ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ خطے میں بھارت کو ’’تھانیدار‘‘ بنانے کا امریکی عزم سرد جنگ کا آغاز ہے۔ امریکہ کی بھارت نوازی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو گی، امریکہ افغانستان سے بھاگنے سے پہلے خطے میں بھارت اور اسرائیل کی بالادستی قائم کر کے پاکستان میں خانہ جنگی کی سازش کر رہا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل دنیا کے تین بڑے دہشتگرد ہیں جن کی وجہ سے پوری دنیا میں انسانوں کا لہو بہہ رہا ہے، لیکن عالمی طاقتیں یاد رکھیں کہ ایمان کی حرارت والوں نے اشتراقیت کو شکست دی تھی اور اب استعمار کی شکست بھی نوشتۂ دیوار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں 11 ستمبر کو ہونے والے ٹرین مارچ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے پاکستان کے خلاف ’’انڈیا کارڈ‘‘ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کو چھیڑنے سے تیسری عالمگیر جنگ چھڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کراچی سی آئی اے اور را کا مرکزی ٹارگٹ ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کالے دھن اور کالے دھندوں کی حکمرانی پاکستانی سیاست کا اصل المیہ ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گرد کہنے والوں کو بھارت کا خونخوار چہرہ کیوں نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے اسلامی بلاک کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ غریب اور کمزور مسلم ممالک آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شکنجے سے آزاد ہو سکیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم اہل سیاست سے مایوس ہو چکی ہے اب اہل فکر آگے آئیں اور ملک بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو عوامی ردعمل کا سونامی اقتدار کے ایوانوں کو بہا لے جائے گا۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اقتدار کے ایوان کرپٹ لوگوں کی پناہ گاہیں بن چکے ہیں۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے امریکہ میں ڈاکٹر غلام نبی فائی کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے کشمیریوں کے عالمی ترجمان کو گرفتار کر کے دنیا بھر کے کشمیریوں کی دل آزاری کی ہے۔ امریکہ کا یہ عمل انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ۔
اجلاس میں پیر سید محمد محفوظ مشہدی، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، سردار محمد خان لغاری، پیر سید محمد اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، پیر محمد اطہر القادری، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، شیخ اظہر سہیل، معین الحق علوی، صاحبزادہ عثمان علی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان اور دیگر راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے بیروزگاری، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا اور امریکہ میں گرفتار غلام نبی فائی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 86647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش