0
Thursday 4 Jun 2020 03:07

اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، حافظ نعیم الرحمن

اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی حکومت کی قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کو صرف ایک ماہ کے نوٹس پر ملازمتوں سے فارغ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل اور سراسر ظلم و زیادتی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دیگر دعدوں اور دعوں کی طرح پاکستان اسٹیل مل کو بحال کرنے، ملازمین کے روز گار کو تحفظ دینے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے کے دعدوں کو بھی پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل مل ایک قومی اہمیت اور حساس نوعیت کا ادارہ ہے، اسے بحال کرنے کے بجائے تمام ملازمین کو فارغ کرکے اسے بند کرنے اور کسی اور کے حوالے کرنے کے اقدامات قومی مفادات کے خلاف ہیں، وفاقی حکومت اپنا یہ فیصلہ فی الفور واپس لے، جماعت اسلامی اسٹیل مل کے ملازمین کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل، اسد عمر کے ہمراہ اسٹیل مل کا دورہ کیا تھا اور برملا اعلان اور وعدہ کیا تھا کہ اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کو ہرگز بے روزگار نہیں ہونے دیا جائے گا، ادارے کی نجکاری بھی نہیں کی جائے گی اور ملازمین کے حقوق کو تحفظ دیتے ہوئے ادارے کو بحال اور فعال کیا جائے گا مگر افسوس کہ آج کے فیصلے نے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کو شدید مایوس کیا ہے، حکومت کے اس فیصلے سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے، یہ معاملہ صرف 9,235 ملازمین کا نہیں بلکہ ان سے وابستہ ہزاروں خاندان کے معاش کا معاملہ ہے، ہزاروں ملازمین پہلے ہی اسٹیل مل کی بدحالی کے باعث سخت پریشان ہیں، ریٹائرڈ ملازمین واجبات کی ادائیگی کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، بجائے اس کہ یہ مسائل حل کئے جاتے حکومت نے اسٹیل مل اور اس کے ہزاروں ملازمین کے مستقبل کو ہی داؤ پر لگا دیا ہے اور صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 866501
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش