QR CodeQR Code

شدید گرمی میں پانی بجلی کا بحران عوام کے قتل عام کے مترادف ہے، قاری محمد عثمان

4 Jun 2020 03:38

مفتی محمود اکیڈمی کے ڈائریکٹر سے گفتگو کے دوران رہنما جے یو آئی (ف) نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بل تو ڈبل لگ کر آتے ہیں مگر عوام کو نہ بجلی مل رہی ہے نہ گیس، واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے عوام موت کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، اگر حکومت نام کی کوئی چیز ہوتی تو ان بے لگام اداروں کو لگام ڈالتی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ شدید گرمی میں پانی بجلی کا بحران عوام کے قتل عام کے مترادف ہے، لاک ڈاؤن کی بندشوں کے ڈسے عوام پر پانی بجلی اور گیس کی بندش افسوسناک ہے، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ مافیا کے ہاتھوں بلیک میل ہوچکے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اذیتیں دی جارہی ہیں، کراچی کی اکثریتی آبادی گندا، زہریلا پانی پینے پر مجبور ہے جس سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی محمود اکیڈمی کے ڈائریکٹر فاروق قریشی سے انکی بھابھی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بابائے جمعیت محمد الیاس خان، رشید احمد خاکسار، فضل الہیٰ، مولانا عبدالماجد، قاری محمد اشفاق، مولانا عادل حسین، علی پراچہ، عدنان دلدار اور دیگر بڑی تعداد میں احباب موجود تھے۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس میں عوام پر پانی بجلی بند کرنا ظلم کی انتہاء ہے، کمزور عوام جو پہلے ہی لاک ڈاؤن اور کاروبار کی بندش سے متاثر ہیں ان پر پانی اور بجلی کا مصنوعی بحران مسلط کرنا بدترین ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ حکومت سے زیادہ طاقتور ہوچکے ہیں جو اپنی من مانی کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں، سوئی گیس الگ سے مافیا ہے جو اوور بلنگ کے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ قاری عثمان نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بل تو ڈبل لگ کر آتے ہیں مگر عوام کو نہ بجلی مل رہی ہے نہ گیس، واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے عوام موت کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں، اگر حکومت نام کی کوئی چیز ہوتی تو ان بے لگام اداروں کو لگام ڈالتی۔


خبر کا کوڈ: 866503

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866503/شدید-گرمی-میں-پانی-بجلی-کا-بحران-عوام-کے-قتل-عام-مترادف-ہے-قاری-محمد-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org