QR CodeQR Code

عالمی برادری بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دے

بھارت کے پاس کشمیریوں کو آزادی دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں، گورنر پنجاب

4 Jun 2020 10:18

مختلف وفود سے گفتگو میں چودھری سرور کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اور بھارت کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، دنیا بھارتی مظالم کا مزید تماشہ دیکھنے کی بجائے بھارت کو فوری طور پر دہشتگرد ملک قرار دے، کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیتوں میں بدلنے جیسا بھارتی منصوبہ خطے میں اَمن کی تباہی ہے اور ایسے منصوبوں سے بھارت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کو بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی اور بھارت کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، دنیا بھارتی مظالم کا مزید تماشہ دیکھنے کی بجائے بھارت کو فوری طور پر دہشتگرد ملک قرار دے۔ گورنرہاوس میں مختلف وفود سے گفتگو میں چودھری سرور کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیتوں میں بدلنے جیسا بھارتی منصوبہ خطے میں اَمن کی تباہی ہے اور ایسے منصوبوں سے بھارت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے۔
 
گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی سمیت ہر قسم کی حمایت کر رہے ہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نریندر مودی کے مشن کے تحت نام نہاد انسداد دراندازی آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط اور فعال ہو رہی ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ اْنہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادی دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوگا خطے میں اَمن بھی قائم نہیں ہو سکتا۔


خبر کا کوڈ: 866526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866526/بھارت-کے-پاس-کشمیریوں-کو-آزادی-دینے-سوا-کوئی-آپشن-نہیں-گورنر-پنجاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org