0
Thursday 4 Jun 2020 10:40

ایرانی قوم نے قوتِ ایمانی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے، جنرل (ر) اسلم بیگ

ایرانی قوم نے قوتِ ایمانی سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے، جنرل (ر) اسلم بیگ
اسلام ٹائمز۔ سابق آرمی چیف اور ممتاز دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ اگر ایمانی قوت کیساتھ ثابت قدم رہیں تو دشمن پیٹھ پھیر کر بھاگ جائے گا، دورِ حاضر میں افغانی مجاہدین نے دو عالمی سپر طاقتوں، امریکہ اور روس کیخلاف جذبہ جہاد کی قوت سے جو ناقابلِ یقین کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ بے مثال ہیں۔ انہوں نے صحافی توقیر کھرل کی کتاب "قاسم سلیمانی، گمنامی سے دِلوں پر حکمرانی تک" پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی مجاہدینِ اسلام کی فہرست میں چمکتا ہوا ستارہ ہیں، جنہیں ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔

مرزا اسلم بیگ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 40 سال سے ایرانی قوم نے اپنے جذبہ ایمانی اور ملی غیرت کے سہارے اقتصادی پابندیوں کے باوجود اپنے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ ہر دور میں طاغوتی طاقتوں کی یہ کوشش رہی ہے کہ اسلام کو نیچا دکھا سکیں، لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے، کیونکہ اللہ تعالیٰ ایمان والوں کیساتھ ہے اور اللہ ایمان والوں کو ثابت قدم رہنے کا حکم دیتا ہے۔ سابق آرمی چیف نے توقیر کھرل کی کتاب کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک دلچسپ داستان ہے، جسے ہر کوئی پڑھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کتاب فراہم کرنے پر عباس بیگ مرزا کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 866529
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش