0
Thursday 4 Jun 2020 16:34

آن لائن سسٹم پر فی الفور پابندی لگائی جائے اور زکریا یونیورسٹی میں سمسٹر فریز کیا جائے، انجمن طلباء اسلام

آن لائن سسٹم پر فی الفور پابندی لگائی جائے اور زکریا یونیورسٹی میں سمسٹر فریز کیا جائے، انجمن طلباء اسلام
اسلام ٹائمز۔ انجمن طلباء اسلام بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے رہنما مہر سکندر اقبال نوناری نے کہا کہ آن لائن کلاسز ناکام اور ناقابل عمل پالیسی ہے، ان حالات میں بنیادی سہولتوں سے محروم، غریب اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کا آن لائن کلاسز سے استفادہ ممکن نہیں۔ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی انتظامیہ نے بغیر منصوبہ بندی آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا ہے، مگر آن لائن کلاسز کے لیے لرننگ منیجمنٹ سسٹم کو مکمل اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا اور نہ ہی آن لائن کلاسز کے مکمل طریقہ کار سے طلبا کو آگاہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک جاوید شجرا، ناظم انجمن طلبا اسلام ضلع ملتان، مہر شاہد کریم نوناری اور محمد یونس بھی موجود تھے۔ مہر سکندر اقبال نوناری نے مزید کہا کہ آن لائن کلاسز سے غریب اور نادار طلبا کا حق مجروح ہوگا، دور دراز دیہی علاقوں کے سٹوڈنٹس کے لیے موبائل فون، لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ اور نیٹ سپیڈ جیسی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جبکہ آن لائن کلاسز ان تمام سہولیات کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا پریکٹیکل مضامین کی آن لائن لرننگ کے لیے طلباو طالبات کو شدید مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ کیونکہ پریکٹیکل مضامین کو آن لائن پڑھانا ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع سمیت فاٹا، کے پی کے اور بلوچستان کے طلباء و طالبات کی اکثریت بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیرتعلیم ہے۔ ان پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ تو کیا زندگی کی بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں۔ لہذا طلبا ایسے آن لائن تعلیمی سسٹم کی حمایت نہیں کر سکتے کیونکہ اس سے طلبا کا تعلیمی نقصان اور حکومتی وسائل کا ضائع ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبا کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں طلباء کی فلاح وبہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں۔ آن لائن سسٹم پر فی الفور پابندی لگائی جائے اور زکریا یونیورسٹی میں سمسٹر فریز کیا جائے کیونکہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں آن لائن سسٹم ناکام ہو چکا ہے۔ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو طلبا احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ 

 
خبر کا کوڈ : 866565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش