0
Thursday 4 Jun 2020 21:31

انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام امام خمینی (رہ) کی برسی پر ویڈیو کانفرنس سے مقررین کا خطاب

انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام امام خمینی (رہ) کی برسی پر ویڈیو کانفرنس سے مقررین کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ انجمن شرعی شیعیان حضرت امام خمینی (رہ) کی برسی پر وادی بھر میں تقریبات منعقد کرتی رہتی تھی اور اس سلسلے میں بین الاقوامی نوعیت کا ایک سیمینار ہمیشہ منعقد ہوا کرتا تھا، لیکن موجودہ لاک ڈاؤن اورر وبائی صورتحال کی وجہ سے تنظیم کی طرف سے کوئی روایتی تقریب منعقد نہیں ہوسکی۔ اس سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان نے جن علمائے دین اور معززین سے رابطہ کرکے ان کے ویڈیو پیغامات حاصل کئے، ان میں امام خمینی (رہ) کے پوتے آیت اللہ سید حسن موسوی خمینی، انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی، آیت اللہ شیخ علی، آیت اللہ مختاری، نمائندہ ولی فقیہ برائے ہند حاج مہدوی پور، ڈاکٹر علی چگنی، مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام، مولانا ڈاکٹر قلب صادق، خورشید احمد قانونگو، اچاریہ پرمود کرشنم، سید شمس الرحمٰن، پروفیسر سید محمود مہدی رضوی، غلام حسن بابا، ڈاکٹر تسلیم رحمانی اور مولانا سید مدثر رضوی سے خصوصی ویڈیو پیغام حاصل کرکے انہیں سوشل میڈیا پر جاری کیا۔

امام خمینی (رہ) کے پوتے آیت اللہ سید حسن موسوی خمینی نے اپنے ویڈیو پیغام میں امام خمینی اور انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ کشمیری قوم کے والہانہ عشق و عقیدت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی برگزیدہ شخصیت کے ساتھ کشمیری قوم نے ابتداء سے ہی جس محبت و عقیدت اور وابستگی کا مظاہرہ کیا، وہ کشمیری قوم کی انقلابی فکر کا عکاس ہے۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے پیغام میں امام خمینی کو عقیدت کا خراج نذر کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے نہ صرف ایرانی قوم کو ہزار سالہ شہنشاہی نظام سے نجات دلا کر اسلام اور جمہوریت کی نعمات سے سرفراز کیا بلکہ ان کے برپا کردہ انقلاب نے دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو احیائے دین کی طرف متوجہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امام خمینی ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کے افکار و نظریات ہمیشہ امت مسلمہ کی راہنمائی کرتے رہیں گے۔ آغا سید حسن نے رہبر معظم حضرت امام خامنہ ای کی صحت و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امام خمینی کی زندہ و جاوید شخصیت اور حیات ساز کارناموں کا نتیجہ ہے کہ ایرانی قوم آج بھی دشمن کے مقابلے میں چٹان کی طرح اپنے مشن اور سربلندی کے راستے پر ڈٹی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 866589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش