0
Thursday 4 Jun 2020 21:20

پختونخوا کابینہ کا اجلاس، پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کی شدید مذمت

پختونخوا کابینہ کا اجلاس، پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے سیاحتی مقامات کیلئے ایس او پیز کی منظوری دیدی۔ سیاحتی مقامات کو عوام کیلئے مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ کابینہ نے پنجاب کی طرف سے آٹے کی ترسیل پر مسلسل پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد سول سیکریٹریٹ پشاور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلٰی محمود خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا لینڈ ایکوزیشن رولز 2020ء اور قبائلی مشیران پر مشتمل قومی کمیشن بنانے کی منظوری دیدی جو کہ لینڈ ایکویزیشن کے طریقہ کار اور اس کی خرید میں مدد کرے گی۔ اجمل وزیر نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ضلع کرک میں گیس کی چوری کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے دو پولیس اسٹیشنز کے قیام اور خیبر پختونخوا بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ایکٹ 1972ء کے مسودہ بل کی منظوری دیدی۔ مسودہ بل کا مقصد بورڈ میں انڈسٹریز، ہائیر ایجوکیشن، یونیورسٹیز وغیرہ کو نمائندگی دینے سمیت ریجنل سطح پر دفاتر کا قیام بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ضلعی انتظامیہ، ہوٹل انتظامیہ، ٹورازم سے متعلقہ ایسوسی ایشن پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی، سیاحتی مقامات کو عوام کیلئے مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں فیملی کو اجازت دی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں بیچلرز وغیرہ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، سیاحتی مقامات کھولنے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ اجمل وزیر نے کہا کہ کابینہ نے پنجاب کی طرف سے آٹے کی ترسیل پر مسلسل پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس اقدام کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ کابینہ نے وزیراعلٰی پنجاب اور وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ بروقت اس مسئلے کو حل کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی ہوسکے۔ وزیراعلٰی نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور مقامی طور پرگندم کی خریداری کیلئے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھر پور کوششیں جاری رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 866593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے