QR CodeQR Code

ایسوسی ایشنز کے کہنے پر اسکول نہیں کھولے جائیں گے، سعید غنی

4 Jun 2020 23:31

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ہم کسی صورت بچوں کی صحت پر سمجھوتا نہیں کریں گے لہذا جب تک حالات بہتر نہیں ہوتے اسکول نہیں کھولے جائیں گے، والدین کو فیسیں دینے کا اس لئے کہا کہ اساتذہ کو تنخواہیں ادا کی جا سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اسکول ایسوسی ایشنز کے کہنے پر اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔ آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرف الزمان نے 15 جون سے کراچی سے کشمور تک تمام اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس  ضمن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر  تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اسکول ایسوسی ایشنز کے کہنے پر اسکول نہیں کھولے جائیں گے، اگر  بغیر اجازت اسکول کھولے گئے تو آرڈیننس کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت بچوں کی صحت پر سمجھوتا نہیں کریں گے لہذا جب تک حالات بہتر نہیں ہوتے اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔ فیسوں سے متعلق صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ والدین کو فیسیں دینے کا اس لئے کہا کہ اساتذہ کو تنخواہیں ادا کی جا سکیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے آغاز سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں اور 15 جولائی تک بندش میں اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ اس دوران میٹرک اور انٹر سمیت او اور اے لیول کے سالانہ امتحانات بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبوں نے بھی ایس او پیز کے ساتھ مارکیٹیں، کاروبار اور شاپنگ مالز کھول دیئے ہیں تاہم تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں جس پر اسکول ایسوسی ایشنز کی جانب سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ سعید غنی نے کہا تھا کہ اسکول اور شادی ہالز وہ چیزیں ہوں گی جنہیں ہم سب سے آخر میں کھولیں گے۔


خبر کا کوڈ: 866605

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866605/ایسوسی-ایشنز-کے-کہنے-پر-اسکول-نہیں-کھولے-جائیں-گے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org