QR CodeQR Code

انسانی جانوں کو بچانے کی خاطر ہمارے اقدامات کی حقیقت اب پورے ملک پر عیاں ہوچکی ہے، ناصر حسین شاہ

5 Jun 2020 01:55

کراچی میں گفتگو کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وباء کا پھیلاؤ دراصل وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور حکومت سندھ نے اول روز سے جو حکمت عملی ترتیب دی تھی، آج پورا ملک اس فیصلے کی تائید و حمایت کرتا نظر آرہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی انتھک محنت اور کاوشوں کا صلہ نیب میں طلب کرکے دیا جارہا ہے، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی خاطر حکومت سندھ نے دل پہ پتھر رکھ کر جن اقدامات کا فیصلہ کیا تھا، آج ان کی حقیقت و اہمیت پورے ملک پر عیاں ہوچکی ہے، انسانی جانوں کو بچانے کے لئے ہم نے تنقید کی بارش برداشت کی مگر زبان پر کلمہ شکایت نہ لائے۔ ان خیالات کا اظہار سید ناصر حسین شاہ نے علی ہاؤس کراچی میں گفتگو کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کی وباء کا پھیلاؤ دراصل وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور حکومت سندھ نے اول روز سے جو حکمت عملی ترتیب دی تھی، آج پورا ملک اس فیصلے کی تائید و حمایت کرتا نظر آرہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب تک وفاقی حکومت اس حقیقت سے آنکھ چراتی رہے گی تب تک حالات بہتر نہیں ہوسکتے، وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے رات و دن صرف کورونا کے خاتمے کے لئے وقف کردیئے، یہاں تک کہ اس وباء سے لڑتے لڑتے ہمارے رکن اسمبلی بھی شہید ہوگئے مگر ان سب کے باوجود وفاقی وزیروں اور مشیروں کی فوج نے ہم پر چڑھائی جاری رکھی، جس وزیراعلیٰ سندھ کے کورونا کے خلاف اقدامات کی پذیرائی عالمی میڈیا اور غیر ملکی مبصرین نے کی، اس ہی منتخب عوامی نمائندے کو نیب میں بلا کر سوال و جوابات کئے جارہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کورونا کے خلاف جامع اور مربوط پالیسی کا نفاذ یکساں طور پر ملک کے تمام حصوں میں کیا جائے، ایس او پیز پر عمل در آمد کروانا ریاست کی ذمہ داری ہے، انسانی جانوں سے بڑھ کر حکومت سندھ کو اور کچھ بھی عزیر نہیں۔


خبر کا کوڈ: 866635

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866635/انسانی-جانوں-کو-بچانے-کی-خاطر-ہمارے-اقدامات-حقیقت-اب-پورے-ملک-پر-عیاں-ہوچکی-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org