QR CodeQR Code

موجودہ حالات میں اسٹیل مل ملازمین کو نکالنے سے ہزاروں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے، خالد مقبول صدیقی

5 Jun 2020 02:12

ایک مذمتی بیان میں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین سے انکی نوکری کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے برعکس آج اپنے وعدوں کو وفا کرنے کے بجائے معاشی پیکیج کے نام پر اسٹیل مل کے ملازمین کا استحصال کیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کو ادارے فارغ کرنے کی اطلاعات پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین کو ادارے سے نکالے جانے کی خبروں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ادارے سے ان ملازمین کو نکالنے سے ہزاروں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین سے انکی نوکری کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے برعکس آج اپنے وعدوں کو وفا کرنے کے بجائے معاشی پیکیج کے نام پر اسٹیل مل کے ملازمین کا استحصال کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم پاکستان اور گورنر سندھ سے بارہا مرتبہ اسٹیل مل کے ملازمین اور ادارے کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسٹیل مل ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور ادارے سے ملازمین کو نکالے جانے کے عمل کو مکمل طور پر منسوخ کرے کیونکہ کہ اسٹیل مل کے تقریبا دس ہزار مزدوروں کو نوکریوں سے نکالے جانے سے لاکھوں افراد بری طرح معاشی مسائل سے دوچار ہوجائیں گے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسٹیل مل پاکستان کا قومی اثاثہ ہے اور ملکی معیشت کے استحکام میں یہ اہم حصہ ثابت ہوسکتا ہے، اس لئے اس ادارے کی نجکاری یا ختم کرنے کے بجائے استعمال کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کیا جائے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اسٹیل مل کے ملازمین کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان ہر فورم پر انکے لئے آواز اٹھائے گی۔


خبر کا کوڈ: 866637

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866637/موجودہ-حالات-میں-اسٹیل-مل-ملازمین-کو-نکالنے-سے-ہزاروں-خاندان-فاقہ-کشی-پر-مجبور-ہوجائیں-گے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org