0
Friday 5 Jun 2020 17:34

گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع

گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کے لئے دوڑ میں شامل چار فیورٹ امیدواروں میں سے تین امیدواروں نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور سے ملاقاتیں کی ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن اور گورنر راجہ جلال نے بھی اسلام آباد میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں اور اس حوالے سے لابنگ میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کی مدت 24 جون کو ختم ہو رہی ہے اور نگران وزیراعلیٰ اور صوبائی وزارتوں کے امیدوار حرکت میں آ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بدھ کے روز نگران وزیراعلیٰ کے چار متوقع امیدواروں کو اسلام آباد میں میٹنگ کے لئے طلب کیا گیا تھا جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کے دو امیدوار سابق نگران صوبائی وزیر ناصر زمانی اور سینئر صحافی ایمان شاہ پی آئی اے کی پرواز کے زریعے گلگت سے اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ ایک اور متوقع امیدوار سابق سیکرٹری وزارت امور کشمیر شاہد اللہ بیگ پہلے سے ہی اسلام آباد میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کے تینوں متوقع امیدواروں نے جمعرات کے روز الگ الگ اوقات میں تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور سے تفصیلی میٹنگ کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں جی بی میں نگران سیٹ اپ اور انتخابات کے حوالے سے امور پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے چوتھے امیدوار سابق ڈی آئی جی سید افضل خان کو بھی ملاقات کے لئے بلا لیا گیا ہے، وہ ایک دو روز میں اسلام آباد میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ جمعرات کے روز ہی وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن بھی پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے جبکہ گورنر جی بی راجہ جلال حسین مقپون بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔ جی بی کی حکومت 24 جون کو ختم ہو رہی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ صوبائی حکومت ختم ہونے سے قبل نگران وزیراعلیٰ اور نگران صوبائی وزراء کا نام فائنل کر لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی مدت ختم ہونے کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ساتھ ہی نگران وزیراعلیٰ اور نگران صوبائی وزراء کے درجنوں امیدوار حرکت میں آ گئے ہیں، اپنا بائیو ڈیٹا ہاتھ میں لے کر سفارشی افراد کی تلاش میں لگے ہوئے ہیں اور تحریک انصاف کے مرکزی قائدین اور علاقائی قائدین سے ملاقاتیں کر کے اپنا بائیو ڈیٹا پیش کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی وزیر بنانے کے لئے سفارش کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ امیدوار اپنا نام متوقع وزراء کی فہرست میں شامل کرانے کیلئے گورنر گلگت بلتستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں لگے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 866751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش