QR CodeQR Code

کورونا عالمی وبا ہے، اس سے احتیاط ضروری ہے، اعجاز ہاشمی

5 Jun 2020 18:59

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے مارکیٹیں، بازار اور ٹرانسپورٹ بھی کھول دی گئی ہیں۔ حکومت ان مقامات پر کورونا سے بچاو کی طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروائے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اور تاجر تنظیموں سے پوچھا جائے کہ وہ عمل درآمد کروانے میں ناکام کیوں ہیں؟


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو نمازیوں کیلئے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگے کہ کیوں اللہ تعالیٰ نے اپنا اور اپنے محبوب کے گھر کے دروازے ہم پر بند کر دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا ہے، اس سے احتیاط ضروری ہے مگر اس کی آڑ میں مذہبی پروگراموں پر پابندی عائد نہ کی جائے۔ معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے مارکیٹیں، بازار اور ٹرانسپورٹ بھی کھول دی گئی ہیں۔ حکومت ان مقامات پر کورونا سے بچاو کی طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروائے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اور تاجر تنظیموں سے پوچھا جائے کہ وہ عمل درآمد کروانے میں ناکام کیوں ہیں؟

پیر اعجاز ہاشمی نے زور دیا کہ عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ عملدرآمد کروائے، افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی کچھ خود ساختہ دانشور اور ماہرین ایسی باتیں پھیلا رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور ان غیر مصدقہ باتوں کی وجہ سے ایک بڑا طبقہ وائرس کی موجودگی سے ہی نہ صرف انکاری ہے بلکہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد بھی نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور لاک ڈاون میں نرمی کا ذمہ داری کیساتھ فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے یہ بات قابل اطمینان ہے کہ باقی ممالک کی نسبت وطن عزیز میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اس وبا سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ جس پر ہمیں بحیثیت قوم اللہ تعالی کا شکر گزار ہونا چاہیے اور اس سے نجات کی دعا کرنی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 866772

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866772/کورونا-عالمی-وبا-ہے-اس-سے-احتیاط-ضروری-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org