0
Friday 5 Jun 2020 18:58

ہتک عزت کیس، شہباز شریف کی درخواست پر وزیر اعظم کو نوٹس

ہتک عزت کیس، شہباز شریف کی درخواست پر وزیر اعظم کو نوٹس
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج لاہور محمد سہیل انجم نے شہبازشریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کو 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ شہباز شریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر بابراعوان مشیر بننے کے بعد مقدمے میں پیروی نہیں کرسکتے، لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کے تحت کسی اورشعبہ یا نوکری اختیار کرنے پر وکالت کا سرٹیفکیٹ معطل ہو جاتا ہے، تقرری کے ایک ماہ تک پیشہ کی تبدیلی سے آگاہ نہ کرنے والا وکیل مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرتا ہے، پروفیشنل مس کنڈکٹ کے مرتکب وکیل کا نام وکلاء کی فہرست سے ہٹا دیا جاتا ہے، عمران خان کے نائب وکیل کو عدالت میں جھوٹی گواہی پر جرمانہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے درخواست میں مزید کہا کہ 3 سال سے مقدمہ کی سماعت جاری ہے لیکن عمران خان نے تحریری جواب تک جمع نہیں کرایا، 60 سماعتوں میں 33 مرتبہ عمران خان نے التواء کی درخواستیں دائر کیں۔ درخواست کے مطابق عدالتی آرڈر شیٹ عمران خان کے غیر سنجیدگی اور لاپرواہ رویہ کا منہ بولتا ثبوت ہے، جون کو پھر التوا کی درخواست کی گئی کہ عمران خان کے وکیل بابراعوان کورونا کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہور نہیں آسکتے، عمران خان کے وکیل کی طرف سے عدالت کے سامنے یہ بیان دروغ گوئی اور جھوٹی گواہی کے مصداق ہے۔ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیا جائے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف نے 10 ارب کا الزام عائد کرنے پر عمران خان کے خلاف ہر جانے کے مقدمے کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 866773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش