0
Friday 5 Jun 2020 20:46

امریکی پولیس نے ایک اور بیگناہ نوجوان کو فائرنگ کر کے مار ڈالا

امریکی پولیس نے ایک اور بیگناہ نوجوان کو فائرنگ کر کے مار ڈالا
اسلام ٹائمز۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے میں امریکی پولیس نے ایک 22 سالہ نوجوان کو، جو گھٹنوں کے بل کھڑا تھا اور اس کے ہاتھ ہوا میں بلند تھے، فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی کیلیفورنیا کے شہر والیجو کے چیف پولیس آفیسر شاؤنی ولیمز (Shawny Williams) نے خبرنگاروں کو بتایا کہ جب 22 سالہ لاطینی نژاد سین مونٹیروسا (Sean Monterrosa) گھٹنوں کے بل کھڑا تھا اور اس کے ہاتھ ہوا میں بلند تھے، مقامی پولیس اہلکار نے اسے اپنی 5 گولیوں کا نشانہ بنا دیا کیونکہ اس کی کمر کے ساتھ لگی ہتھوڑی کو پولیس افسر نے اسلحہ سمجھ لیا تھا۔ والیجو کے چیف پولیس افسر نے کہا کہ پولیس کی گشتی ٹیم ایک میڈیکل سٹور پر ڈکیتی کی رپورٹ کے جواب میں وہاں موجود تھی جب اس کا سین مونٹیروسا کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق تاحال اس قتل کی ماہیت واضح نہیں ہوئی اور اس حوالے سے کوئی فوٹیج بھی نشر نہیں کی گئی تاہم عوام کی جانب سے اس قتل کے چند لمحوں بعد بنائی گئی مختصر سی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں جائے وقوعہ پر ایک میڈیکل سٹور کے سامنے پولیس کی متعدد گاڑیاں کھڑی نظر آ رہی ہیں۔ مقتول سین مونٹیروسا کی خاندانی وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ملیسا نولڈ نے کہا ہے کہ جب پولیس کے ساتھ اس کا آمنا سامنا ہوا تو وہ گھٹنوں کے بل تھا اور اس کے ہاتھ ہوا میں اٹھے ہوئے تھے جبکہ پولیس اہلکار نے اپنی گاڑی کے اندر سے ہی اس پر گولیاں چلائی ہیں۔ ملیسا نولڈ کا کہنا تھا کہ پولیس نے سین مونٹیروسا کو اپنی جان بچانے کے لئے کیا موقع دیا ہے؟ مقتول کی وکیل نے پولیس اہلکار کی وردی میں موجود کیمرے سے لی گئی ویڈیو کے نشر کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کیلیفورنیا کی پولیس کے ہاتھوں 22 سالہ لاطینی امریکی نژاد نوجوان ایک ایسے وقت میں قتل کر دیا گیا ہے جب سیاہ فام جارج فلوئڈ کے پولیس کے ہاتھوں بہیمانہ قتل پر پورے امریکہ میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے اپنے عروج پر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 866787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش