1
Friday 5 Jun 2020 23:44

ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ کے بارے امریکی الزامات جھوٹے اور گمراہ کن ہیں، روس

ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ کے بارے امریکی الزامات جھوٹے اور گمراہ کن ہیں، روس
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں روس کے خصوصی مندوب ویسیلی نیبنزیا نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرس کو لکھے گئے اپنے ایک خط میں خلائی ٹیکنالوجی کو ایران کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔ امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روس نے امریکی الزامات کے مقابلے میں خلائی تحقیقات کے حوالے سے تہران کے موقف کی حمایت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے روسی خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ الزام کہ ایران نے اپنے فوجی سیٹیلائٹ کو خلا میں پہنچا کر اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2231 کی خلاف ورزی کی ہے، جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ہے۔ ویسیلی نیبنزیا نے لکھا کہ امریکہ کی جانب سے مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے تہران کو پرامن خلائی تحقیقات کے حق سے محروم کرنا افسوسناک اور سخت تشویش کا باعث ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے خصوصی مندوب ویسیلی نیبنزیا نے اپنے خط میں ایران کے پرامن جوہری پروگرام اور اس کے حوالے سے اقوام متحدہ کی متعدد رپورٹس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری اسلحہ موجود نہیں تھا، نہ اس وقت ہے اور نہ ہی ہمیں توقع ہے کہ وہ مستقبل میں جوہری ہتھیار بنا لے گا۔ روسی مندوب نے لکھا کہ جوہری معاہدے کے بعد سے اقوام متحدہ کے ایٹمی انرجی کمیشن کی طرف سے ایرانی جوہری تنصیبات کی سب زیادہ جانچ پڑتال کی گئی ہے۔ ویسیلی نیبنزیا نے لکھا کہ یہ ایک تحریر شدہ واقعیت ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی اسلحے کو لیجانے والے بیلسٹک میزائل ہیں اور نہ ہی وہ ایسے میزائل تیار کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے خصوصی مندوب نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ روس ایران پر اسلحے کی کسی بھی قسم کی پابندیوں کے عائد کئے جانے یا اقوام متحدہ کی پابندیوں کے لوٹائے جانے پر مبنی امریکی کوششوں کے خلاف ہے۔ روسی مندوب نے اپنے خط میں امریکہ کی جانب سے "ٹرگر میکینیزم" کو فعال کر کے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کے پلٹائے جانے کے امریکی دعوے کو "مضحکہ خیز" قرار دیا اور کہا ہے کہ امریکہ جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہو چکا ہے اور اب اس شق سے بہرہ مند ہونے کا وہ کوئی حق نہیں رکھتا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ روسی مندوب کا یہ خط اقوام متحدہ میں ان کے امریکی ہم منصب کے خط کا جواب ہے جس میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ سیٹیلائٹ کیریئر میزائل خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی ہوتے ہیں اور وہی ٹیکنالوجی رکھتے ہیں جو جوہری ہتھیار لے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے لئے ضروری ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 866810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش