0
Friday 5 Jun 2020 23:40

حکومت اپنی رٹ قائم کرنے اور پٹرول کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے، مشتاق خان

حکومت اپنی رٹ قائم کرنے اور پٹرول کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے۔ پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مصنوعی قلت پیدا کردی ہے، 150 روپے میں ایک لیٹر پٹرول نہیں مل رہا۔ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے اور عوام کو پٹرول کی بلاتعطل فراہمی کے لئے سخت اقدامات اٹھائے۔ آٹا کی قیمتوں میں اضافہ اور پنجاب سے آٹے کی بندش افسوسناک ہے۔ حکومت آٹے کی قیمت میں کمی کرے، پنجاب سے خیبر پختونخوا کے لئے گندم کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت مداخلت کرے۔ صوبائی اور مرکزی حکومتیں ایک ہی پارٹی کی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی خیبرپختونخوا کی عوام آٹے سے محروم ہے۔ حکومت نے معیشت کا کباڑہ اور عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کیوجہ سے عوام شدید تکلیف میں ہیں اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی تکالیف روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ ملک پر نااہلوں اور نالائقوں کا ٹولہ مسلط ہے۔ جنہوں نے ملک کے اندر بھی اور اوورسیز پاکستانیوں کو بھی شدید پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت میں آنے سے قبل عوام سے بے شمار وعدے کئے، لیکن اول روز سے ہی یوٹرن کی پالیسی اپنائی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کیا۔ ملکی معیشت کو آئی سی یو میں لانے کا کریڈٹ بھی پی ٹی آئی کو جاتا ہے، جس نے کم ترین وقت میں ملکی تاریخ کے بڑے قرضے لئے اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ عوام پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ ان کی نظریں اب جماعت اسلامی پر ہیں، جماعت اسلامی ہی پاکستان اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 866811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش