QR CodeQR Code

کورونا کیسز میں اضافے کے باعث جدہ میں ایک بار پھر کرفیو نافذ

5 Jun 2020 23:52

سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مقامی فضائی اور زمینی سفر اور کرفیو کے اوقات کے سوا شہر میں آنے جانے کی اجازت بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ اہم خدمات انجام دینے والے جن اداروں کے ملازمین کو پابندیوں سے استثنیٰ حاصل تھا انہیں نئے احکامات کے بعد بھی رعایت حاصل رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جدہ میں 15 روز کا عارضی کرفیو نافذ کردیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے 6 سے 20 جون تک کے لیے جدہ میں کرفیو کی کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ وزارت صحت سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق شہر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ نئے احکامات کے مطابق سہ پہر 3 بجے سے صبح 6 بجے تک ہر طرح کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ تمام نجی اور سرکاری اداروں بند کرنے اور ریستورانوں اور کیفیز میں کھانے پینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پانچ سے زائد افراد کے اجتماع اور مقامی مساجد میں نماز با جماعت کو بھی ممنوع کردیا گیا ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مقامی فضائی اور زمینی سفر اور کرفیو کے اوقات کے سوا شہر میں آنے جانے کی اجازت بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ اہم خدمات انجام دینے والے جن اداروں کے ملازمین کو پابندیوں سے استثنیٰ حاصل تھا انہیں نئے احکامات کے بعد بھی رعایت حاصل رہے گی۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق دارالحکومت ریاض میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد پر نظر رکھی جارہی ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پابندیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے دیگر شہروں اور صوبوں میں پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں تاہم صورت حال کے پیش نظر وہاں بھی قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے 95 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ وبا کے باعث 642 اموات ہوگئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 866814

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866814/کورونا-کیسز-میں-اضافے-کے-باعث-جدہ-ایک-بار-پھر-کرفیو-نافذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org