0
Saturday 6 Jun 2020 00:58

پاکستان سٹیل ملز قومی اثاثہ اور افتخار، اسکی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، سراج الحق

پاکستان سٹیل ملز قومی اثاثہ اور افتخار، اسکی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز قومی اثاثہ اور افتخار ہے، اس کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اسٹیل ملز چلا کر دکھائیں گے، مگر دوسرے وعدوں کی طرح ان کا یہ وعدہ بھی نقش بر آب ثابت ہوا ہے۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دیا جائے گا مگر اپنے وعدہ کے علی الرغم حکومت نے اب تک لاکھوں لوگوں سے روز گار چھین لیا ہے۔ حکومت نے نو ہزار سے زائد مزدوروں کو تو فارغ کردیا مگر اسٹیل ملز کی تباہی کے اصل ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا۔ فارغ کئے گئے مزدوروں کو فوری بحال کیا جائے۔ حکومت کے ذمہ اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے 15 ارب روپے واجب الادا ہیں، ان کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے معاملے کا فوری نوٹس لینے پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز 1968 میں انیس ہزار ستاسی ایکڑ کے وسیع رقبے پر روس کے مالی اور ٹیکنیکل تعاون سے قائم کی گئی۔ سٹیل ملز کا پلانٹ دس ہزار تین سو نوے ایکٹر پر جبکہ رہائشی کالونیاں آٹھ ہزار ایکٹر پر محیط ہیں، دو سو ایکڑ پر پانی ذخیرہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز نے 1985 سے باقاعدہ پیداوار دینا شروع کی اور حکومت کو 2019 تک مختلف ٹیکسز کی مد میں ایک سو دس بلین روپے دیئے۔ حکومت اپنے ہی اثاثے کو سود پر قرضے دے رہی ہے، حکومت بتائے کہ اب تک کتنا قرض دیا اور اس پر کتنا سود لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ سٹیل ملز کی تباہی کے ذمہ داروں کے تعین اور اس قومی اثاثے کی بحالی کیلئے اب تک کیا اقدامات اٹھائے گئے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے سٹیل ملز کا معاملہ نیب کو بھیجا تھا، اس کی کیا صورتحال ہے آگاہ کیا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ میں تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ سٹیل ملز کے جو ملازمین اپنے بقایا جات کا انتظار کرتے کرتے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں ان کے بقایا جات کی ادائیگی کا فوری انتظام کیا جائے۔ گروپ انشورنس کے حوالے سے عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ واجبات کی ادائیگی تک حکومت سٹیل ملز کے ملازمین کو گزر بسر کیلئے تیس ہزار روپے ماہانہ گزارہ الاﺅنس دے۔ واجبات کی فوری ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 866820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش