0
Saturday 6 Jun 2020 23:08

شام و عراق میں شعائر اللہ کی بیحرمتی کیخلاف تنظیم شیعہ آئمہ مساجد کا یوم احتجاج

شام و عراق میں شعائر اللہ کی بیحرمتی کیخلاف تنظیم شیعہ آئمہ مساجد کا یوم احتجاج
اسلام ٹائمز۔ تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کی کال پر شام و عراق کے بزرگان دین کے مزارات قدسیہ کے بے حرمتی کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ تنظیم کے مرکز الکاظم سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر جامع مساجد میں خطبات جمعہ کے دوران شعائر اللہ کی اہمیت اور شرعی حیثیت پر روشنی ڈالی اور مزارات مقدسہ کی بے حرمتی کو مسلم حکمرانوں کی غیرت و حمیت کیلئے چیلنج قرار دیا۔ علمائے کرام نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ دیگر اقوام اپنے آثار کی حفاظت کر رہی ہے لیکن مسلمانوں کے آثار اور بزرگان دین کے روضے توسیع کے نام پر مٹائے جا رہے ہیں، جو نہایت شرمناک ہے۔ چیئرمین تنظیم شیعہ آئمہ مساجد علامہ تصور حسین نقوی نے عظمت شعائر اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین حجاز، شام و عراق میں بزرگان دین کے مزارات مشترکہ اسلامی ورثہ ہیں، اقوام متحدہ عزت رفتہ کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شام میں حضرت عمر بن عبد العزیز کے مزار کی بے حرمتی کیخلاف احتجاج موثر بنانے کیلئے جنت البقیع، جنت المعلٰی کی تعمیر نو ضروری ہے۔

علامہ تصور نقوی نے کہا کہ اگر 1926ء میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شاہی بلڈوزروں کے ذریعے دختر رسول ؐحضرت فاطمہ زہرا ؑ، امہات المومنین، آل اطہار اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی مسماری کیخلاف مسلم حکمران عملی اقدامات کرتے اور انکی عظمت رفتہ بحال کی جاتی تو شام میں دہشتگردوں کو عمر بن عبد العزیز کا مزار مسمار کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ کانفرنس میں شریک علمائے کرام نے ایک قرارداد کے ذریعے پرزور مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران خاموشی توڑیں، مشاہیر اسلام کے مزارات کی شان و شوکت کی بحالی کو یقینی بنائیں، ورنہ عالم اسلام پریشان و بد حال رہے گا۔ قرارداد میں مظلومین کشمیر و فلسطین پر ہنود و یہود کے مظالم کی پر زور مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے دیرینہ مسائل  اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انکے امنگوں کے مطابق حل کروائیں کیونکہ اگر مشرقی تیمور میں انتخابات کروائے جاسکتے ہیں تو کشمیر میں استصواب رائے کیونکر ممکن نہیں۔

قرارداد میں باور کرایا گیا کہ اگر اقوام متحدہ اور عالمی ادارے واقعی امن عالم کے خواہاں ہیں تو دوہرا کردار ترک کرکے  اپنے ایجنڈے پر موجود سب سے قدیم مسائل فلسطین و کشمیر کو وہاں کے عوام کی امنگوں اور عالمی قوانین کے مطابق حل کروائیں۔ جامع مسجد جعفریہ میں علامہ سید زاہد عباس کاظمی نے خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ جنت البقیع کی تعمیر ایمانی، روحانی اور انسانی مسئلہ ہے۔ اقوام متحدہ  اسلامی آثار کی عزت رفتہ بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات کی حرمت بحال نہیں ہو جاتی مسلمان پریشان حال رہیں گے۔ جامع مسجد قصر خدیجۃ الکبریٰ میں جمعہ کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ بشارت امامی نے حکومت پر زرو دیا کہ وہ شعائر اللہ اور مشاہیر اسلام کے مراقد اور مسلمانوں کے ایمانی مراکز کے تحفظ کیلئے سفارتی سطح پر عملی کوششیں کرے۔ اس موقع پر ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں عساکر پاکستان کے آپریشن ردالفساد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور مصلحتوں سے بالا تر ہو کر کالعدم گروپوں، مذہبی انتہا پسندوں، دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو آہنی شکنجے میں جکڑنے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد میں 15 تا 25 شوال عشرہِ صادقِ آلِ محمد ؑ منانے کا اعلان کرنے پر  آغا سید حامد علی شاہ موسوی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ آقای موسوی کے پیغام امن و اخوت کو عام کرنے کیلئے عملی جدوجہد جاری رہے گی۔ تنظیم شیعہ آئمہ مساجد کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضا زیدی نے مسجد شاہ خراسان میں یوم احتجاج کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ مسجد حیدری کورال میں علامہ میثم گردیزی، مسجد حضرت زینب ؑ میں علامہ نقوی، قصر آل عمران میں علامہ جواد علی، جامع مسجد دربار عالیہ سخی شاہ پیارا میں علامہ مطلوب تقی، جامع مسجد شاہ چن چراغ میں علامہ سجاد حسین گردیزی، جامع مسجد قصر ابو طالبؑ میں علامہ محسن علی ہمدانی، جامع مسجد اہلبیتؑ میں علامہ حسین مقدسی، قصر زینبؑ میں علامہ قلب عباس نقوی، مسجد حیدری میں علامہ مدنی نے یوم احتجاج کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے کورونا کی وبا کے خاتمے، عالم اسلام کی سر بلندی اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے دعائیں مانگیں۔
خبر کا کوڈ : 866997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش