0
Saturday 6 Jun 2020 22:55

حکومت پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کرے، علامہ باقر زیدی

حکومت پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کرے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی کی شدت برقرار رہنے کو حکومتی نااہلی قرار دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے کیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم رہنما مولانا دوست علی سعیدی، مولانا علی انور جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی، چوہدری اظہر حسین، یعقوب الحسینی، ارشد اللہ، حیدر زیدی، فدا سولنگی، شفقت لانگا، فدا حسین، اسد کربلائی دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی تاجر طبقے کی جانب سے اشیائے خوردونوش کے نرخ بڑھا دیئے جاتے ہیں، تاہم قیمت میں کمی کے اعلان کے بعد بھی مہنگائی کا بدستور بڑھتے رہنا سمجھ سے بالاتر ہے، بجلی اور عام اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہ ہونا اس مافیا کی بالادستی کو ظاہر کرتا ہے جو خود کو ہر انتظامی طاقت سے بالا سمجھتا ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ بجلی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نیپرا اور پرائس کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومتی اداروں کی غفلت عوام کے لئے درد سر بنتی جا رہی ہے، عوام کو ماضی کی طرح محض اعلانات سے خوش کرنے کا دور اب گزر چکا ہے، اگر حکومت کی طرف سے عام آدمی کو ریلیف نہ ملا تو پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر حکومت کا اترانا بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد پمپوں سے پیٹرول غائب کردیا گیا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کرے، ذمہ داران کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے عوام کو خود ساختہ مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 867002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش