QR CodeQR Code

سنی تحریک کا سندھ حکومت سے مزارات کھولنے کا مطالبہ

6 Jun 2020 23:36

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے کورونا وباء کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی پر تشویش ہے، حکومت وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے، لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کی بجائے کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور اس پر عمل کو یقینی بنایا جائے، ایس او پی پر عمل درآمد کیلئے عوام اپنا کردار ادا کریں، سندھ حکومت ایس او پی کے تحت مزارات کو کھولنے کا حکم جاری کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر کورنگی لانڈھی سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے کورونا وباء کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کورونا وائرس وباء سے بچاؤ کیلئے دعاؤں کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام اکائیوں کو ایک ہوکر کام کرنا ہوگا، دعوؤں کی بجائے اتحاد کے ساتھ ملک کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا خوف پھیلانے کی بجائے ہمیں اللہ کی بارگاہ میں رجوع کے ساتھ احتیاطی تدابیر کو استعمال کرنا ہوگا، احتیاط افسوس سے بہتر ہے، کورونا وباء ذات پات، رنگ و نسل اور امیر غریب نہیں دیکھتی، ہر طبقے کے افراد کو احتاطی تدابیر اپنانا ہوگی، حکومت کی مثبت پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 867007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867007/سنی-تحریک-کا-سندھ-حکومت-سے-مزارات-کھولنے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org