0
Sunday 7 Jun 2020 12:53

کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی کا 28واں اور پہلا آن لائن سینیٹ اجلاس

کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی کا 28واں اور پہلا آن لائن سینیٹ اجلاس
اسلام ٹائمز۔ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کے ایڈوائزر اور پرو چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی نثار احمد کھوڑو کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور ریسرچ کے ذریعے ہی دنیا کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، سندھ نے یونیورسٹیز ایکٹ منظور کیا، جس کے بعد اب سندھ میں 25 پبلک یونیورسٹیز کام کر رہی ہیں، ایکٹ کے تحت یونیورسٹیز کے ہر ضلع میں کم از کم دو کیمپسز ہونے چاہیں، کیمپس کی تعداد زیادہ ہونے سے طالبِ علموں کو سندھ کے ہر ضلع میں اعلی تعلیم کی سہولت میسر ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 28ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ نے ہمیشہ بڑے نام کیے ہیں اور بڑے ادارے بنائے ہیں، اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کی جامعات دنیا بھر کی 100 جامعات کی رینکنگ میں شامل ہوں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کے سب کیمپس کا آغاز، این ای ڈی کا بڑھتا ہوا معیار اور اس کے فارغ التحصیل انجینئرز تمام جامعات کیلئے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کیلئے چینی زبان کو لازمی قرار دینا ہو یا کورونا جیسی ناگہانی وبا کے مقابل سستے داموں وینٹی لیٹر تیار کرنا، این ای ڈی یونیورٹی کا کارنامہ ہے، پچھلے تین سالہ دور میں یونیورسٹی کا بجٹ سرپلس میں تبدیل کرنے پر وائس چانسلر این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی اور ٹیم کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ اس موقع پر نثار کھوڑو نے شیخ الجامعہ سمیت تمام اساتذہ اور اسٹاف کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سندھ حکومت این ای ڈی یونیورسٹی کو پہلے بھی سپورٹ کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔

سینیٹ کے اس 28ویں اجلاس میں 2018ء تا 2019ء کے سالانہ اکاؤنٹس رپورٹ کی منظوری، 2019ء تا 2020ء کی رپورٹ، جبکہ 2020ء تا 2021ء کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بجٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 20-2019ء کے بجٹ کا آغاز 188.660 ملین روپے خسارے سے ہوا تھا، لیکن یونیورسٹی اسے 2.040 ملین کے سرپلس سے اختتام کر رہی ہے، جبکہ 20-2021ء کا بجٹ 3,109.268 ملین کا ہے، اس بجٹ کی ابتدا بھی 179.236 ملین روپے کے خسارے سے ہو رہی ہے، اسے بھی گذشتہ بجٹ کی طرح سرپلس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ این ای ڈی یونیورسٹی کا پہلا آن لائن سینیٹ اجلاس تھا، جس میں 76 میں سے 22 ممبران موجود اور 52 اراکین آن لائن تھے، جبکہ دو ممبران ناسازی طبیعت کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔
خبر کا کوڈ : 867008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش