اسلام ٹائمز۔ سینئر سفارتکار محمد صادق کو پاکستان کا نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کر دیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ نمائندہ خصوصی کی تقرری پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے میں مددگار ہو گی۔ محمد صادق اس وقت خارجہ امور کی مشاورتی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں۔ 1993ء اور 1994ء میں وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر ذمے داریاں سنبھال کر کچھ ہی دنوں میں وہ برسلز اور بیجنگ کے سفارتخانوں میں تعینات رہے۔ 2001ء میں دو سال کیلئے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر امورکشمیر مقرر ہوئے، اس کے بعد واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مقرر ہوئے، اسی مدت میں انہوں نے پاکستانیوں کیلئے پہلا انٹرن شپ پروگرام شروع کیا۔ محمد صادق نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا ای میل ڈیٹا بیس مرتب کیا اور امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس بنانے کیلئے پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کو متحرک کیا۔ 2007ء سے 2009ء تک وہ ترجمان دفتر خارجہ رہے، پھر 2009ء سے 2014ء تک افغانستان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر فرائض انجام دیئے اور 2016ء تک محمد صادق وزیراعظم آفس کے نیشنل سیکورٹی ڈویژن کے سیکرٹری تعینات رہے۔