QR CodeQR Code

بلوچستان، صوبائی بجٹ 18جون کو پیش کئے جانے کا امکان

7 Jun 2020 10:14

صوبائی بجٹ میں حکومت کی دوسری ترجیح تعلیم ہوگی، جس کیلئے 70 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غربت کے خاتمے کیلئے 5 سے 6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرض دینے اور اپنا گھر کے نام سے بے گھر افراد کو مکان بنانے کیلئے قرضہ کی فراہمی کیلئے وزیراعلٰی بلوچستان کے خصوصی منصوبے بھی شامل کئے جارہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں، صوبائی بجٹ 18جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ 430 ارب روپے سے زائد حجم کے بجٹ میں کورونا وائرس کے باعث صحت کے شعبے کیلئے سب سے زیادہ بجٹ مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ محکمہ خزانہ بلوچستان کے حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 18جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نئے مالی سال 2020-21 کا صوبائی بجٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ بجٹ کا مجموعی حجم 430 ارب روپے سے زائد ہے، جس میں غیر ترقیاتی بجٹ 320 ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ کیلئے صرف 110 ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ کورونا وبا کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے میں سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، جس میں وبائی امراض کے حوالے سے 3سالہ منصوبے کیلئے 12 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

صوبائی بجٹ میں حکومت کی دوسری ترجیح تعلیم ہوگی، جس کیلئے 70 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غربت کے خاتمے کیلئے 5 سے 6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرض دینے اور اپنا گھر کے نام سے بے گھر افراد کو مکان بنانے کیلئے قرضہ کی فراہمی کیلئے وزیراعلٰی بلوچستان کے خصوصی منصوبے بھی شامل کئے جارہے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 5 ہزار نئی آسامیوں کا اعلان بھی متوقع ہے، جبکہ صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں وفاق کی طرز پر اضافے کا امکان ہے۔ کورونا وائرس کے باعث رواں سال ٹیکس کی وصولی نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ مالی سال کا بجٹ خسارہ 70 ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 867055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867055/بلوچستان-صوبائی-بجٹ-18جون-کو-پیش-کئے-جانے-کا-امکان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org