0
Monday 8 Jun 2020 01:13

کورونا وائرس، شرجیل میمن کا سرکاری ٹیسٹ مثبت اور نجی لیبارٹری سے منفی نکل آیا

کورونا وائرس، شرجیل میمن کا سرکاری ٹیسٹ مثبت اور نجی لیبارٹری سے منفی نکل آیا
اسلام ٹائمز۔ سندھ میں سرکاری سطح پر کورونا ٹیسٹنگ کٹس پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا، رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کی ایک ہفتے کے دوران تین کورونا ٹیسٹ رپورٹس کے نتائج مختلف نکل آئے۔ شرجیل میمن نے 28 مئی کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو کہ منفی آیا جس کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے گئے جہاں انہوں نے دوسری مرتبہ ٹیسٹ کروایا جو مثبت نکل آیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ سرکاری سطح پر کروایا گیا تھا جس کے بعد شرجیل میمن نے خود کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا۔ شرجیل میمن کورونا وائرس سے متعلق حیدرآباد میں سندھ حکومت کے فوکل پرسن کے طور پر کام کررہے تھے۔

شرجیل میمن دو روز قبل تک سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی شریک رہے، خود کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی شرجیل میمن نے بھی تصدیق کی تاہم ایک روز قبل شرجیل میمن نے کراچی کے آغا خان ہسپتال سے کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ انہیں اتوار کی شام موصول ہوئی جو کہ منفی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کے صاحبزادے سمیت گھر کے دیگر 9 افراد کے ٹیسٹ نتائج بھی منفی آئے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران شرجیل میمن کے کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ کے مختلف نتائج نے سرکاری سطح پر ہونے والے ٹیسٹ کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 867191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش