QR CodeQR Code

علامہ شاہ احمد نورانی نے قادیانیوں کو آئینی طور پر غیرمسلم قرار دیا، شفیق اللہ البدری 

8 Jun 2020 21:13

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آپ کی مسلسل محنت و کاوش کے نتیجہ میں آئین پاکستان میں قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دیا گیا، جس کی وجہ سے بعد میں دنیا کے دیگر ممالک نے بھی قادیانیوں کو غیرمسلم تسلیم کیا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) جنوبی پنجاب کے زیراہتمام علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی محفل کا اہتمام کیا گیا. جس کی صدارت صدر جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) جنوبی پنجاب جناب محمد ایوب مغل صاحب نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امام الشاہ احمد نورانی کی زندگی کا مقصد نظام مصطفی کا قیام اور مقام مصطفی کا تحفظ تھا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کیلئے وقف کردی، امام نورانی کے دست مبارکہ پر لاکھوں لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ محمد شفیق اللہ البدری نے کہا کہ امام نورانی بین الاقوامی شخصیت تھے، آپ نے پوری دنیا میں اسلامی ریسرچ سینٹرز کا قیام کیا، امام نورانی نے 1970ء کی تحریک ختم نبوت کی قیادت کی اور آئین پاکستان میں ترمیم کروا کر اس کو اسلامی بنایا، اور قادیانیوں کو آئینی طور پر غیرمسلم قرار دیا۔

اس موقع پر علامہ فاروق خان سعیدی صاحب نے کہا کہ امام الشاہ احمد نورانی فاتح قادیانیت ہیں، آپ کے خطابات میں سحر بیانی تھی، جو آپ سے ملتا تو متاثر ہوئے بغیر نہ رہ پاتا، آپ کی مسلسل محنت و کاوش کے نتیجہ میں آئین پاکستان میں قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دیا گیا، جس کی وجہ سے بعد میں دنیا کے دیگر ممالک نے بھی قادیانیوں کو غیرمسلم تسلیم کیا۔ اس موقع پر قاری عبدالغفار نقشبندی نے کہا کہ امام نورانی عظیم قاری قرآن تھے، ساری زندگی تراویح و تہجد میں ختم قرآن کی سعادت خود حاصل کی، سفر و حضر میں قرآن و صاحب قرآن سے کبھی غافل نہ ہوئے۔ راو عارف رضوی نے کہا کہ امام نورانی اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے، ان کی قیادت کو تمام مسالک نے نہ صرف تسلیم کیا بلکہ آپ کی قیادت پر فخر محسوس کیا۔ مرزا ارشد القادری نے کہا کہ امام نورانی یہود و نصاری کے مذموم ارادوں کو بھانپ گئے اور ان کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور امریکہ مردہ باد کانفرنسسز کا انعقاد کیا۔

 


خبر کا کوڈ: 867365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867365/علامہ-شاہ-احمد-نورانی-نے-قادیانیوں-کو-آئینی-طور-پر-غیرمسلم-قرار-دیا-شفیق-اللہ-البدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org