QR CodeQR Code

امریکہ کی رعونت اس کی بربادی کا سبب بن رہی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس

9 Jun 2020 01:14

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسکے حواریوں کے بلاک سے علحیدگی ہی عالم اسلام کی سالمیت و بقا کی ضمانت ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نسلی امتیاز نے امریکہ کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔صدر ٹرمپ امریکہ کا وہ متنازعہ اور متعصب صدر ہے جس نے ہمیشہ دماغ کی بجائے جذبات سے فیصلے کر کے عالمی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کیا۔ طاغوتی و استکباری نظام کی جڑیں کھوکھلی ہو چکی ہیں اور بہت جلد یہ نظام زمین بوس ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے نسلی بنیادوں پر شروع ہونے والے فسادات امریکہ کی تباہی کا آغاز ہیں۔ امریکی عوام حکومت کے قابو سے باہر ہو چکے ہیں۔ اپنے عوام کو کنٹرول کرنے میں بے بسی کا شکار امریکہ اب دنیا سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کی تنزلی کی بنیادی وجہ مسلمانوں کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت رہی ہے۔ مسلمان ممالک جس ملک کو آج تک سُپرپاور سمجھتے رہے ہیں وہاں کے عوام نے اپنی حکومت کے خلاف اشتعال انگیز مظاہرے اور جلاو گھیراؤ کر کے امریکی طاقت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ افغانستان، عراق اور شام سمیت دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانون کے خون سے ہاتھ رنگنے والا ملک مکافات عمل کا شکار ہے۔ قدرت عالم اسلام کے عظیم مجاہد قاسم سلیمانی شہید کا بدلہ امریکہ سے لے کر رہے گی۔ امریکہ کی رعونت اس کی بربادی کا سبب بن رہی ہے۔ یہود و نصاریٰ سے دوری اختیار کرکے امت مسلمہ دنیا و آخرت میں فتح یاب ہو سکتی ہے۔ امریکہ اور اسکے حواریوں کے بلاک سے علحیدگی ہی عالم اسلام کی سالمیت و بقا کی ضمانت ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 867409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867409/امریکہ-کی-رعونت-اس-بربادی-کا-سبب-بن-رہی-ہے-علامہ-راجہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org