0
Tuesday 9 Jun 2020 02:41

مخدوش عمارتوں کو خالی کرانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، میئر کراچی

مخدوش عمارتوں کو خالی کرانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مخدوش عمارتوں کو خالی کرانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، ان عمارتوں کی فہرست حکومت سندھ کے پاس موجود ہے انہیں فوری طور پر ایکشن لینا چاہیئے، ورنہ کراچی میں اسی طرح عمارتیں گرتی رہیں گی اور لوگ جاں بحق ہوتے رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت کے منہدم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی ڈیزاسسٹر کے محکمے کو فوری طور پر وہاں بھاری مشینری بھیجنی چاہیئے تھی تاکہ ملبہ ہٹانے کا کام تیز کیا جاسکتا لیکن وہی روایتی طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو لاوارث کیا جا رہا ہے اور کراچی کے مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو کو متاثرہ مقام پر روانہ کردیا گیا تھا جنہوں نے انتہائی ذمہ داری اور محنت کا ثبوت دیتے ہوئے کئی زخمیوں کو ملبے سے نکالا، اگر مخدوش عمارتوں کے خالی کروانے کے سلسلے میں ٹھوس حکمت عملی نہیں اپنائی گئی تو مزید ایسے سانحات جنم لیتے رہیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا، لائنز ایریا، صدر، برنس روڈ، کیماڑی، گارڈن، گارڈن ایسٹ، جہانگیر آباد اور دیگر علاقوں میں سینکڑوں عمارتیں مخدوش ہوچکی ہیں، کئی بار ان کا سروے کرایا گیا اور مکینوں کو ایک نوٹس دے کر ذمہ داری سے جان چھڑانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سو سو گز کے پلاٹ پر جس طرح ہائی رائز بلڈنگ بنانے کی این او سی جاری کی ہیں وہ بھی انتہائی تشویش ناک عمل ہے اور اس صورتحال کا بھی فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پہلے ہی کئی مسائل کا شکار تھا اور اب آئے دن عمارات گرنے سے شہریوں کی قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 867419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش