0
Wednesday 10 Jun 2020 09:30

آرمی چیف کی کابل میں افغان صدر اور ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ سے ملاقاتیں، سرحدی امور پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کی کابل میں افغان صدر اور ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ سے ملاقاتیں، سرحدی امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور افغان چیئرمین ہائی کونسل برائے مفاہمتی عمل ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جس میں افغان امن عمل میں سہولت دینے کے لیے ضروری اقدامات پر غور کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر منگل کے روز پڑوسی ملک کے دارالحکومت کابل پہنچے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان قیادت سے ملاقاتوں میں افغان امن عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور روابط بڑھانے میں سہولت دینے کے امور بھی زیر غور آئے۔ وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان امور محمد صادق اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ تھے۔

ملاقاتوں کے دوران اتفاق کیا گیا کہ پاکستان سے مقررہ وقت میں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی حالات معمول میں لانے کا اہم ذریعہ ہے۔ افغان صدر نے طورخم اور چمن سرحدیں تجارتی مقاصد کے لیے کھولنے پر وزیراعظم پاکستان کی تعریف کی۔ اشرف غنی نے پاکستان میں پھنسے افغان باشندوں کی واپسی کے لیے زمینی اور فضائی راستہ کھولنے کو سراہا اور امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ افغان صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں نے افغان امن عمل پر مشاورت کی اور دونوں نے اپنی اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال سے روکنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے مفاہمت کے سربراہ اور افغان حکومت کے شریک اقتدار ڈاکٹر عبدللہ عبدللہ نے بھی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات کی۔
 
خبر کا کوڈ : 867626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش