0
Wednesday 10 Jun 2020 10:40

آئی ایم ایف کا قرض کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، ذکراللہ مجاہد

آئی ایم ایف کا قرض کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، ملکی بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پر بنانے کی مذمت کرتے ہیں، آئی ایم ایف سے قرض لینا ملکی معیشت کیلئے کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے، تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنیوالی حکومت ملک میں کوئی بھی تبدیلی نہیں لا سکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کی لاریکس کالونی شاہدرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد فاروق چوہان، عدیل مصطفی، حاجی اشرف، محمد ارشد، خواجہ امجد، سمیر احمد اور دیگر اہل علاقہ نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران مزید قرضوں کے حصول کیلئے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے سے باز رہیں، سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک و قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے جبکہ ہمارے حکمران زبانی جمع خرچ کرکے عوام کو لالی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی کی بے لوث اور مخلص قیادت ہی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی اکثریت ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہے، جس دن ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے کرپٹ مافیا اور لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کا صفایا ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 867646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش