QR CodeQR Code

اے این پی کی قیادت کورونا ایمرجنسی کے دوران بھی میدان عمل میں ہے، ثمر ہارون بلور

11 Jun 2020 01:00

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ہم کبھی قربانی دینے سے گھبرائے نہ کبھی دریغ کرینگے، کورونا وبا کی صورتحال میں بھی اے این پی کا کوئی رہنما گھر میں نہیں بیٹھا۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی اور پارٹی کی نو منتخب صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور کہتی ہیں کہ صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کم وقت میں اپنے زیادہ کام سے پارٹی میں ایک نئی جان ڈالی ہے، اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ہم کبھی قربانی دینے سے گھبرائے نہ کبھی دریغ کرینگے، کورونا وبا کی صورتحال میں بھی اے این پی کا کوئی رہنما گھر میں نہیں بیٹھا بلکہ عوامی خدمت کے لئے میدان میں رہے، یہی وجہ ہے کہ متعدد کورونا کا شکار بھی ہوئے تاہم جذبے آج بھی اسی طرح بلند ہیں، میڈیا کوریج میں دیگر جماعتوں کی طرح اے این پی کی عوامی خدمات کو بھی جگہ ملنی چاہیئے، ہم کسی قسم کی حمایت نہیں مانگتے لیکن جو حقیقت ہے اسے تسلیم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلور ہاوس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کا ہر عہدیدار پارٹی کے سینیئر رہنماوں کو اپنا مشر تسلیم کرتے ہوئے انکی مشاورت اور انکے تجربات کے سائے میں اپنے سیاسی قدم اٹھاتا ہے جو کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ عوامی خدمت ہمیشہ سے اے این پی کا خاصہ رہا ہے۔ اے این پی نے ہمیشہ پختونوں کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد کی اور معاشرے کے پسے ہوئے مجبور طبقے کے حقوق کے حصول کے لئے بڑی بڑی قوتوں سے جنگ لڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کی صورتحال میں اچھے اچھوں نے اپنی سرگرمیاں ختم کر لیں تھیں لیکن عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور رہنما اپنے اپنے علاقوں حلقوں میں عوام کے ساتھ رہے اور انکو درپیش مسائل کو جاننے کے ساتھ ساتھ انکے حل کے لئے میدان میں رہ کر کام کرتے رہے، یہی وجہ ہے کہ حاجی غلام احمد بلور اور میاں افتخار حسین سمیت کئی ایک کورونا کا شکار بھی ہوئے لیکن اپنے لوگوں کے لیئے انکے جزبے آج بھی اسی طرح بلند ہیں اور یہ بیماری بھی انہیں پست نہ کرسکی۔


خبر کا کوڈ: 867830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867830/اے-این-پی-کی-قیادت-کورونا-ایمرجنسی-کے-دوران-بھی-میدان-عمل-میں-ہے-ثمر-ہارون-بلور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org