QR CodeQR Code

طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اے پی ایم ایس او امید کی واحد کرن ہے، خالد مقبول صدیقی

11 Jun 2020 00:04

اپنے پیغام میں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ اے پی ایم ایس او پاکستان کی وہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے ملک کی بڑی سیاسی طاقت کو جنم دیا جو ملک کے تعلیم یافتہ قابل نوجوانوں کو ملک کے ایوانوں میں بھیجنے کا سبب بنی اور جس کی بدولت ملک میں مڈل کلاس طبقے کیلئے سیاست کے دروازے کھلے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن APMSO کے 42ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں اے پی ایم ایس او کے کارکنان، طلبہ و طالبات اور ایم کیو ایم کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 جون 1978ء کو جو دیا جلایا گیا آج اس کی روشنی پورے ملک پر پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او پاکستان کی وہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے ملک کی بڑی سیاسی طاقت کو جنم دیا جو ملک کے تعلیم یافتہ قابل نوجوانوں کو ملک کے ایوانوں میں بھیجنے کا سبب بنی اور جس کی بدولت  ملک میں مڈل کلاس طبقے کیلئے سیاست کے دروازے کھلے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ APMSO گزشتہ 42 سالوں میں نہ صرف ایم کیو ایم کو نئی قیادت فراہم کرتی رہی ہے بلکہ یہ تعلیم یافتہ نوجوان آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں اچھی اصلاحات اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اے پی ایم ایس او امید کی واحد کرن ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اے پی ایم ایس او کے کارکنان دور حاضر کے بدلتے جدید تقاضوں کے مطابق اپنی تربیت کا عمل جاری رکھیں اور 42ویں یوم تاسیس کو اس جذبے کے ساتھ منائیں کہ اے پی ایم ایس او اپنی سابقہ روایات برقرار رکھتے ہوئے آنے والے وقت میں بھی ایم کیو ایم پاکستان اور ہمارے ملک کی ترقی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 867834

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/867834/طلبہ-کو-درپیش-مسائل-کے-حل-کیلئے-اے-پی-ایم-ایس-او-امید-کی-واحد-کرن-ہے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org