0
Thursday 11 Jun 2020 10:48

بھارت کیساتھ سفارتی اور فوجی سطح پر رابطہ کر رہے ہیں اور مثبت اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں، چین

بھارت کیساتھ سفارتی اور فوجی سطح پر رابطہ کر رہے ہیں اور مثبت اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں، چین
اسلام ٹائمز۔ چین اور بھارت کے فوجی کمانڈروں نے مغربی ہمالیہ میں متنازع سرحد پر کامیاب مذاکرات کے بعد کشیدگی میں کمی لانے اور اعتماد بڑھانے کے لیے کئی فوجیوں کو سرحد سے واپس بلالیا۔ خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق نئی دہلی میں عہدیداروں نے صورت حال کی حساسیت کے باعث شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چین اور بھارت نے مذاکرات میں پیش رفت کی ہے۔ خیال رہے کہ لداخ کی سرحد پر اپریل سے ہی دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چن ینگ کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک سرحد کے معاملے پر سفارتی اور فوجی سطح پر رابطہ کر رہے ہیں اور مثبت اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں۔

 یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں بھارت نے چین کے ساتھ سرحدی تنازع پر امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش یہ کہہ کر مسترد کردی تھی کہ وہ مذکورہ معاملے پر بیجنگ کے ساتھ مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی پیشکش اس وقت سامنے آئی تھی جب بھارتی دفاعی ذرائع نے بتایا تھا کہ سیکڑوں چینی فوجی 3 ہزار 500 کلو میٹر لمبی سرحد کے ساتھ متنازع زون میں داخل ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی افواج لداخ کی وادی گالوان میں خیمہ زن ہوئی تھیں اور ایک دوسرے پر متنازع سرحد پار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ نئی دہلی میں بھارتی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ چین کی جانب سے تقریباً 80 سے 100 ٹینٹ نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے بھی 60 خیمے لگائے گئے ہیں۔ دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اپنی علاقائی خود مختاری کے تحفظ سمیت اپنے اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
خبر کا کوڈ : 867896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش