0
Saturday 23 Jul 2011 16:37

سوات، مینگورہ شہر میں آل پارٹیز کا بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

سوات، مینگورہ شہر میں آل پارٹیز کا بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ  اور دھرنا
مینگورہ:اسلام ٹا ئمز۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف سوات کے عوام نے گزشتہ روز مظاہرہ کیا۔ مظاہرین حکومت اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے ضلعی صدر قوی خان ایڈووکیٹ، سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبد الرحیم، مسلم لیگ (ق) کے دوست محمد خان، پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے فضل الرحمن نونو، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا حجت اللہ اور قاری شمس الرحمن، جماعت اسلامی کے خورشید اقبال اور حاجی یاسین، تحریک انصاف کے پروفیسر شیر افگن کاکا، متحدہ اتفاق مزدور یونین کے صدر عبدالودود اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سوات میں بدترین اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سوات پہلے سے ہی شدت پسندی اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہے اور یہاں کی معیشت، تجارت اور صنعت تباہ حال ہے جبکہ اوپر سے اب حکومت اور واپڈا کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر کے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اور سوات کے مکینوں کو جان بوجھ کر معاشی لحاظ سے بدحال کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کے برعکس سوات میں بغیر شیڈول کے اٹھارہ سے بیس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے جہاں کاروباری ادارے ٹھپ ہوئے ہیں، وہاں ہسپتالوں میں مریضوں اور گھروں میں خواتین اور بچوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ جبکہ سوات میں قائم کارخانے بند ہو گئے ہیں اور مزدوروں کا روزگار ختم ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر حکمران بجلی کے بحران پر قابو نہیں پاسکتے تو انہیں مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوات کے عوامی نمائندوں کا بجلی بحران ختم کرانے کے سلسلے میں کوئی کردار نہیں ہے بلکہ وہ اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ اور کہاکہ ہم سوات کے ساتھ مزید ناروا سلوک برداشت نہیں کریں گے اور اگر ظلم کا یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور پھر حالات کی ذمہ داری حکومت اور واپڈا حکام پر عائد ہو گی۔ احتجاجی دھرنے کے بعد شرکاء نے مینگورہ شہر کے تمام بازاروں میں جلوس نکالا اور حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
خبر کا کوڈ : 86795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش