0
Friday 12 Jun 2020 13:27
پٹرولیم مصنوعات کی قلت، تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل

اوگرا کا چھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر چار کروڑ روپے جرمانہ

آئل کمپنیوں کے تینوں سی اوز ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے
اوگرا کا چھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر چار کروڑ روپے جرمانہ
اسلام ٹائمز۔ تیل اورگیس کی ریگولیٹری اتھارٹی نے چھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر انہیں دیئے گئے لائسنسوں کی شرائط کے مطابق ایندھن کا مطلوبہ ذخیرہ برقرار نہ رکھنے پر چارکروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ اٹک پٹرولیم لمیٹڈ، PUMA، گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ اور Hascol کو پچاس، پچاس لاکھ روپے اور شیل پاکستان اور ٹوٹل پارکو پاکستان کو ایک، ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے ریٹیلرز کو باقاعدگی سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے دوسری صورت میں ان پر قانون کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری جانب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے سلسلے میں ایف آئی اے نے تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے ضمن میں تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے، ایف آئی اے کو ملک کی 2 بڑی نجی پٹرولیم کمپنیوں نے تحریری حلف نامہ جمع کرایا۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شیل کے پاکستان میں ہیڈ آف لیگل اور حیسکول کے ریجنل منیجر ایف آئی اے ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، ایف آئی اے حکام نے 4 گھنٹے تک دونوں افسران سے پوچھ گچھ کی۔کمپنیوں کے نمائندوں نے ٹیم کو قانون کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ رکھنے اور سپلائی کرنے کی یقین دہانی کرائی، پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کی بھی یقین دہانی کرائی گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ نمائندوں نے آئندہ سپلائی میں کمی نہ آنے کی باقاعدہ تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے نے تین کمپنیوں کے سی ای اوز کو طلب کیا تھا تاہم تینوں پیش نہیں ہوئے، کمپنیوں کے نمائندوں نے ایف آئی اے دفتر پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا ہے، تاہم نمائندوں کے بیان سے مطمئن نہ ہونے پر تینوں کمپنیوں کے سی ای اوز کو آج پھر طلب کیا گیا ہے۔ شیل کے ہارون رشید، حیسکول کے عقیل احمد، اور آئل اینڈ گیس کمپنی کے خالد ریاض کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں تینوں افسران کو لازمی پیش ہونے اور ریکارڈز ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نوٹس ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے والے کمپنیوں کے نمائندوں کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 868124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش