QR CodeQR Code

ہمارے رضاکار ہمہ وقت تیار ہیں، کورونا وائرس کا مقابلہ بحیثیت قوم مل کر کرنا ہوگا، محمد عباس

12 Jun 2020 21:51

خدمت مہم کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی کے صدر نے کہا کہ جب بھی مملکت خداداد پاکستان کو کسی مشکل کا سامنا ہوا تو آئی ایس او کے جوانوں نے کبھی بھی حکومت پاکستان اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس ملک کی خدمت کی۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور مقابلے کے لئے شہر میں خدمت مہم جاری ہے، اس سلسلے میں کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے افراد کے مکمل غسل و کفن کا انتطام بلامعاوضہ کیا جارہا ہے۔ خدمت مہم کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس کا کہنا تھا کہ اب تک کراچی میں 50 سے زائد کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے افراد کی میتوں کو غسل و کفن کی خدمات فراہم کی جاچکی ہیں، علماء کرام و ڈاکٹرز کی نگرانی میں آئی ایس او کی غسل و کفن ٹیم نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف مقامات پر غسل ٹیم کی تربیت و تیاری کے حوالے سے خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام بھی کیا۔

محمد عباس کا کہنا تھا کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ آئی ایس او سے رابطہ کرکے اپنے مرحومین کو غسل و کفن دلوا سکتے ہیں، اس سلسلے میں ہمارے رضاکار ہمہ وقت تیار ہیں اور یہ خدمات بلامعاوضہ اور بلاتفریق تمام شہریوں کو فراہم کی جارہی ہیں، ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، اس وبائی مرض کا مقابلہ ہمیں بحیثیت قوم مل کر کرنا ہوگا، اس مشکل وقت میں ہم حکومت اور اداروں کے شانہ بشانہ مل کر کام کر رہے ہیں، جب بھی مملکت خداداد پاکستان کو کسی مشکل کا سامنا ہوا تو آئی ایس او کے جوانوں نے کبھی بھی حکومت پاکستان اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس ملک کی خدمت کی۔


خبر کا کوڈ: 868200

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868200/ہمارے-رضاکار-ہمہ-وقت-تیار-ہیں-کورونا-وائرس-کا-مقابلہ-بحیثیت-قوم-مل-کر-کرنا-ہوگا-محمد-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org