0
Friday 12 Jun 2020 21:59

آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر عوام دشمن بجٹ بنانے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا، علامہ مقصود ڈومکی

آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر عوام دشمن بجٹ بنانے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت کا نیا بجٹ عوام دوست ہونا چاہیئے، آئی ایم ایف کے دباؤ میں آکر عوام دشمن بجٹ بنانے سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے جو بلند و بالا دعوے کئے تھے ان پر عملدرآمد کا وقت آچکا ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو پہلی ترجیح قرار دیا جائے اور حکومتی اخراجات میں حقیقی طور پر کمی لائی جائے، بدقسمتی سے غریب عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے حکمرانوں اور اراکین اسمبلی کا شاہانہ طرز زندگی ان کے دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ عوام کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ حکمرانوں اور بیوروکریٹس کے بھاری اخراجات پہ صرف ہوجاتا ہے جبکہ غریب آدمی آج بھی پینے کے صاف پانی اور سرکاری ہاسپیٹل میں علاج معالجے کی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہے، اراکین اسمبلی خود تو نجی ہسپتالوں میں اپنا علاج کراتے ہیں جبکہ غریب کو سرکاری اسپتالوں میں کسی قسم کی کوئی دوا اور سہولت میسر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ بجٹ میں محروم علاقوں اور چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے ازالے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، این ایف سی ایوارڈ سے متعلق چھوٹے صوبوں کے مطالبات کو اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غریب لوگوں کے لئے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، اس پر عمل در آمد کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 868201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش