QR CodeQR Code

واشنگٹن کیساتھ ہونیوالے مذاکرات میں عراقی خودمختاری اور ملکی مفاد اولین ترجیح ہے، مصطفی الکاظمی

12 Jun 2020 22:45

عراقی سرکاری خبررساں ایجنسی واع کیمطابق عراق کے وزیراعظم نے بغداد-واشنگٹن مذاکرات کے حوالے سے میڈیا کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے مذاکرات میں عراقی سرزمین سے ہر قسم کی امریکی فورسز کے انخلاء اور ملک میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کے خاتمے پر تاکید کی گئی ہے۔ رپورٹ کیمطابق مذاکراتی نشست کے اختتام پر دونوں طرف سے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا جسمیں امریکہ کیطرف سے یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ وہ عراق کے اندر مستقل فوجی اڈہ نہیں بنانا چاہتا اور نہ ہی اپنے فوجیوں کو مستقل بنیادوں پر عراق کے اندر باقی رکھنا چاہتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری خبررساں ایجنسی "واع" کے مطابق عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے آج بغداد و واشنگٹن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو عراق کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ ہونے والے تزویراتی مذاکرات میں عراقی خودمختاری اور ملکی مفاد ہماری اولین ترجیح ہے۔ مصطفی الکاظمی نے عراق سے امریکی فورسز کے انخلاء کے حوالے سے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات میں ہم نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں عراقی سرزمین سے ہر قسم کی امریکی فورسز کے انخلاء اور ملک میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کے خاتمے پر تاکید کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عراق سے امریکی انخلاء کے بارے ہونے والے مذاکرات کل جمعرات کے روز سے شروع ہیں۔ مذاکراتی نشست کے اختتام پر دونوں طرف سے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا جس میں عراق سے امریکی افواج کے حتمی انخلاء پر زور دیا گیا۔ فریقین کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں امریکہ کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ وہ عراق کے اندر مستقل فوجی اڈہ نہیں بنانا چاہتا اور نہ ہی اپنے فوجیوں کو مستقل بنیادوں پر عراق کے اندر باقی رکھنا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو رفقاء سمیت امریکی دہشتگردانہ کارروائی میں شہید کر دیئے جانے پر عراقی پارلیمنٹ نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی تھی جس میں ملک میں موجود تمام امریکی فورسز کو فی الفور نکل جانے کا حکم دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 868203

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868203/واشنگٹن-کیساتھ-ہونیوالے-مذاکرات-میں-عراقی-خودمختاری-اور-ملکی-مفاد-اولین-ترجیح-ہے-مصطفی-الکاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org