0
Friday 12 Jun 2020 22:20

پیپلز پارٹی وفاقی بجٹ کو مسترد کرتی ہے، حکومت نے مایوس کن بجٹ پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی وفاقی بجٹ کو مسترد کرتی ہے، حکومت نے مایوس کن بجٹ پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ایک مایوس کن بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے آج ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے، 25 برس بعد ملک میں ٹڈی دل کا سب سے بڑا حملہ ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لئے بڑا خطرہ ہے، پی ٹی آئی کے بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک روایتی بجٹ پیش کیا ہے، یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا ایک عوام دشمن بجٹ ہے، بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے، بجٹ میں اگر ریلیف ملا ہے تو امیر طبقے کو ملا ہے، بجٹ میں عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی ہے، اس بجٹ میں تنخواہوں تک میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس بجٹ میں پنشنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہمارے بزرگ اپنے گھروں سے باہر نکلیں، اس وقت ہمیں اپنے بزرگوں کو پنشن میں اضافہ کرکے ریلیف پہنچانا چاہیئے تھا، اس وقت ہمیں ہر پاکستانی مزدور، غریب اور کسان کو بجٹ میں تحفظ اور ریلیف فراہم کرنا چاہیئے تھا، وفاقی بجٹ میں اگلی صفوں پر لڑنے والے طبی عملے کے لئے خصوصی اعلانات کرنے چاہیئے تھے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ بجٹ میں کوئی ریلیف نظر نہیں آیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم امید کررہے تھے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے بجٹ میں ہر صوبے کے لئے خصوصی ہیلتھ پیکج دیا جائے گا مگر ایسا نہ ہوا، ہر پاکستانی کو پی ٹی آئی کے بجٹ کو رد کرنا چاہیئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی اور ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتیں اس بجٹ پر جلد ایک اے پی سی کا انعقاد کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 868204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش