QR CodeQR Code

بجٹ میں نیا ٹیکس نہ لگاکر موجودہ حکومت نے عوام کو مشکل حالات سے نکالا ہے، حلیم عادل شیخ

13 Jun 2020 01:33

ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی ہورہی ہے، اس مشکل حالات میں بھی بجٹ میں عوام کو ریلیف دیکر موجود حکومت نے ثابت کیا ہے کہ حکومت غریب عوام کے لئے کام کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر حلیم عادل شیخ نے وفاقی حکومت کے پیش کردہ بجٹ 2020-21ء کو عوام کیلئے ریلیف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام  دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے، جس میں غریب عوام سے لے کر چھوٹے تاجروں اور بڑے صعنتکاروں کو مکمل ریلیف دیا گیا ہے، پہلی بار فنکاروں کی بہبود امداد کے لئے بجٹ میں ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کی معاشی ٹیم نے عوام کے فلاح بہبود کے لئے کام کیا ہے، موجودہ بجٹ میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو ریلیف دیا گیا ہے، خوراک، فوڈ سیکیورٹی، زراعت، ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں رقم رکھی گئی ہے، بجٹ برائے 2021-2020ء میں غریب عوام کو مکمل ریلیف دیا گیا ہے، نیا ٹیکس نہ لگاکر موجودہ حکومت نے عوام کو مشکل حالات سے نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی ہورہی ہے، اس مشکل حالات میں بھی بجٹ میں عوام کو ریلیف دیکر موجود حکومت نے ثابت کیا ہے کہ حکومت غریب عوام کے لئے کام کر رہی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر صحت کے شعبے میں 13 ارب روپے ہسپتالوں کے لئے رکھے گئے ہیں، وزیراعظم عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کررہے ہیں پاکستان کو مدینہ کے طرز کی ریاست بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے مفادات کے خاطر بجٹ پیش کئے اور بڑے بڑے منصوبے رکھ کر ان میں کرپشن کی گئی لیکن موجودہ حکومت زیرو کرپشن کے تحت کام کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 868235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868235/بجٹ-میں-نیا-ٹیکس-نہ-لگاکر-موجودہ-حکومت-نے-عوام-کو-مشکل-حالات-سے-نکالا-ہے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org