0
Saturday 13 Jun 2020 15:25

میڈیا پالیسی 2020ء کیخلاف احتجاج، پی ڈی پی و این لیڈروں کا احتجاج

میڈیا پالیسی 2020ء کیخلاف احتجاج، پی ڈی پی و این لیڈروں کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سرینگر میں میڈیا پالیسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ پی ڈی پی کے لیڈر انجینئر نذیر یتو سرینگر کی پریس کالونی میں اپنے ایک اور ساتھی کے ہمراہ نمودار ہوئے اور میڈیا پالیسی 2020ء کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے۔ نذیر یتو نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا، جس پر میڈیا پالیسی کو واپس لینے کا نعرہ درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے بعد میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے دفتر واقع پولو گراؤنڈ تک مارچ کیا اور میڈیا پالیسی کو واپس لینے کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ اس سے قبل انجینئر نذیر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی طرف سے نئی میڈیا پالیسی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اس کو براہ راست جمہوریت کے چوتھے ستون پر حملہ قرار دیا۔ انجینئر یتو نے کہا کہ اظہار رائے اور آزادی صحافت پر قدغن لگانا اور اس کو ایک پنجرے میں بند کرنا ایک نا قابل قبول عمل ہے،جس کو کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

اس دوران جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے لئے نئی میڈیا پالیسی کو آزاد صحافت پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ایک ملک کی جمہوریت کے لئے سم قاتل ہے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ اس میڈیا پالیسی کا مقصد جموں و کشمیر میں صحافی کی آزادی کو سلب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پہلے ہی یہاں صحافیوں کا قافیہ حیات تنگ رکھا تھا اور اب اس میڈیا پالیسی کے ذریعے یہاں ذرائع ابلاغ کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران وہی کچھ دیکھنا اور سننا چاہتے ہیں جو انہیں پسند ہو۔ انہوں نے کہا کہ سچائی اس حکمانے کی سب سے بڑی شکار ہوگی۔ این سی کے ترجمان نے میڈیا پالیسی کو جمہوریت کے چوتھے ستون کو منہدم کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر جمہوری اور غیر آئینی پالیسی کو فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہیئے اور پریس کی مکمل آزادی بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسیاں حکومت کی جانب سے کشمیری صحافت کو دبانے کی کوشش کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 868289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش