QR CodeQR Code

کورونا نے اب وباء کی شکل اختیار کرلی، حکومت اور عوام نے اسے سنجیدہ نہیں لیا، علامہ جواد نقوی

13 Jun 2020 17:41

لاہور میں تقریب سے خطاب میں ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپنی اور دوسروں کی جان بچانا مشکل ہو گیا ہے، پہلے عوام، حکمرانوں اور نہ ہی میڈیا نے اس کو سنجیدہ لیا، مذہبی اور سیاسی قائدین نے بھی اس پر توجہ نہیں دی اور اب یہ بیماری وباء کی شکل اختیار کر چکی ہے اور گھر گھر اموات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ (ص)  اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا نے پاکستان میں اب وباء کی شکل اختیار کر لی ہے، اس کی شدت سے صرف نظر کیا گیا اور اب اس کے نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اس وباء کو سنجیدہ نہیں لیا اور حکومت نے بھی عوام سے زیادہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مشکل اس مقام پر پہنچ گئی ہے کہ اس وباء کو روکنا کافی دشوار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان بچانا مشکل ہو گیا ہے، پہلے عوام، حکمرانوں اور نہ ہی میڈیا نے اس کو سنجیدہ لیا، مذہبی اور سیاسی قائدین نے بھی اس پر توجہ نہیں دی اور اب یہ بیماری وباء کی شکل اختیار کر چکی ہے اور گھر گھر اموات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے اب ذہنی طور پر سب نے سمجھ لیا ہے کہ وباء ہے اور اس میں مرنا ہی ہے، یہ سوچ بنا دی گئی ہے، نہ وباء روکنے کیلئے اہتمام کیا گیا اور نہ اموات روکنے کیلئے کچھ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شور شرابا تو بہت کیا ہے، میڈیا پر آ کر ٹاک شوز کیے ہیں، اپوزیشن پر تنقید کی ہے، اپوزیشن نے حکومت پر تنقید کی ہے، مگر صحت کا نظام بہتر کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صورتحال بہت خراب ہے، ڈاکٹروں اور نرسوں کے تحفظ کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، وباء شدت اختیار کر گئی ہے اور اس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری خود احتیاط کریں، حکومت پر نہ رہیں، حکومت نے اپنا کردار ذمہ دارانہ انداز میں ادا نہیں کیا، اس لئے اگر اس وباء سے بچنا ہے تو خود کو خود ہی بچانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 868376

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868376/کورونا-نے-اب-وباء-کی-شکل-اختیار-کرلی-حکومت-اور-عوام-اسے-سنجیدہ-نہیں-لیا-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org