QR CodeQR Code

مسلحانہ جدوجہد فلسطینی مزاحمت کا پہلا مرحلہ ہے، امتِ مسلمہ کھل کر حمایت کرے، اسمعیل ہنیہ

13 Jun 2020 23:58

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات نے "علمائے امت کانفرنس برائے فریاد رسی قدس" سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے علمائے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مرحلے میں فلسطینی امنگوں کی حمایت کیلئے اپنی سخت کوششوں کو بروئے کار لائیں اور غاصب قابض قوتوں کیساتھ مقابلے کیلئے ایک مضبوط ثقافتی پروگرام تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم آج تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑی ہے جبکہ فلسطینی سرزمین پر اس رژیم کا کوئی مستقبل نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے فلسطین کی موجودہ صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں فلسطینیوں کے سامنے مزید خطرناک مراحل آنے والے ہیں۔ حماس کے سیکرٹری سیاسیات نے "علمائے امت کانفرنس برائے فریاد رسی قدس" سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے علمائے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مرحلے میں فلسطینی امنگوں کی حمایت کے لئے اپنی سخت کوششوں کو بروئے کار لائیں۔ اسمعیل ہنیہ نے کہا کہ علمائے امت کو چاہئے کہ غاصب قابض قوتوں کے ساتھ مقابلے کے لئے ایک مضبوط ثقافتی پروگرام تشکیل دیں۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے کہا کہ قدس اور اس کی امنگوں کو نشانہ بنانے والے تاریخ کے سب سے بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لئے حماس نے ایک 4 نکاتی ایجنڈہ تشکیل دیا ہے جس میں "قومی وحدت کا دوبارہ حصول، تمام میدانوں میں پرامن اصولی بنیادوں کو فلسطینی تنظیموں کی پہلی ترجیح پر لانا، بھرپور مزاحمت جس کے پہلے مرحلے میں مسلحانہ جدوجہد شامل ہو گی اور عربی و اسلامی بنیادوں پر باہمی تعاون میں وسعت لانا" شامل ہیں۔ اسمعیل ہنیہ نے امتِ مسلمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر حماس کے 4 نکاتی ایجنڈے کی حمایت کرے۔ انہوں نے فلسطین کے خلاف امریکی-اسرائیلی سازش "صدی کی ڈیل" کے بارے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی اس سازش نے نہ صرف فلسطین بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو اپنے نشانے پر لے رکھا ہے۔

اسمعیل ہنیہ نے مسئلۂ فلسطین کے حوالے سے آج پیش آنے والی تاریخی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم، امریکہ کی عسکری برتری اور اُسے حاصل بھرپور امریکی حمایت کے باوجود آج تاریخ کے سب سے نازک موڑ پر کھڑی ہے اور جب تک مسلمان ممالک فلسطینی سرزمین پر اس غیرقانونی رژیم کے وجود کو ناجائز قرار دیتے رہیں گے، یہ ایک چور اور قابض رژیم کے طور پر باقی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطینی عوام غاصب صیہونی رژیم کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے جبکہ فلسطینی سرزمین پر اس رژیم کا کوئی مستقبل نہیں۔


خبر کا کوڈ: 868454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/868454/مسلحانہ-جدوجہد-فلسطینی-مزاحمت-کا-پہلا-مرحلہ-ہے-امت-مسلمہ-کھل-کر-حمایت-کرے-اسمعیل-ہنیہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org