0
Saturday 23 Jul 2011 19:29

قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی (ص) سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں، فیض الرحمان درانی

قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی (ص) سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں، فیض الرحمان درانی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت، غریب پروری، باہمی گفت و شنید اور ایک دوسرے کے معاملات کو سمجھنے، برداشت کرنے اور انسانیت کے عزت و احترام و اتحاد کا سبق دیتا ہے۔اسلام امن کا دین ہے، لیکن کچھ عناصر اس میں دہشت گردی کا شر اور فساد برپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی (ص) سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں، لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56 اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت مصطفی (ص) کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں اور مغرب کی اندھی تقلید کی روش کو ترک کر دیں۔ علامہ فیض الرحمن درانی ملاقات کے لئے آنے والے تحریک منہاج القرآن کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج آقا (ص) کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی، تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ آقا (ص) کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا (ص) کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے، یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو حضور (ص) کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے، وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا (ص) کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں، تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمن درانی نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں(ص) کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ و فساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور (ص) کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضور (ص) پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں، انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 86846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش