0
Sunday 14 Jun 2020 17:07

کشکول بجٹ تحریک انصاف کے منشور سے متصادم ہے، جے یو پی

کشکول بجٹ تحریک انصاف کے منشور سے متصادم ہے، جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشکول بجٹ تحریک انصاف کے منشور سے متصادم ہے، جس سے عوام کا معیار زندگی مزید پستی کا شکار ہوگا، مہنگائی، بیروزگاری، غربت، افلاس اور ڈالر کا سونامی ملک کی معیشت کی تباہی اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، اندرونی اور بیرونی قرضوں کے بڑھتے ہوئے حجم سے ملک کے 50 فیصد قرضے مزید بڑھ جائیں گے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایماء پر تشکیل دیئے جانیوالا بجٹ مہنگائی کی سونامی لائے گا، اس سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوگا، غریب عوام کی قوت خرید میں کمی ہوگی، نااہل حکمرانوں کی کمیشن اور کرپشن مافیا کی سرپرستی کے باعث گزشتہ سال مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد اضافہ کے باوجود پینشز اور تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعلیمی صنعت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے، مدارس، سکولز اور کالجز کی بندش سے ایک کروڑ سے زائد لوگ کسمپرسی کا شکار ہیں، کورونا فنڈز میں ان متاثرین کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجود خسارے کے بجٹ سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، بیروزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، آٹا چینی، گھی، تیل اور پٹرول بحران کے ذمہ داروں کیخلاف تمام ثبوتوں کے باوجود اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، دو کروڑ سے زائد لوگ کشکول اٹھائے بھکاریوں کی طرح دربدر مارے پھر رہے ہیں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کا نعرہ دم توڑ چکا ہے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ایک کروڑ لوگ بے روزگار اور پچاس لاکھ افراد چھت سے محروم ہو چکے ہیں، بجٹ کے خدوخال سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں تین سے چار مزید منی بجٹ دیئے جائیں گے، جسے غریب تو درکنار سفید پوشی کا بھرم رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نیب اور FIA کے فنڈز میں اضافہ اپنے چہیتوں کو بچانے کیلئے کیا گیا ہے، اگر یہ ادارے اپنا کام ایمانداری، فرض شناسی اور میرٹ پر کرتے تو آج ملک میں چینی، آٹے، تیل، گھی، پٹرول مافیا تمام تر ثبوتوں کے باوجود جیلوں سے باہر نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کو عوامی امنگوں کا ترجمان بنانے کیلئے مہنگائی کے خاتمے، غریب نادار افراد کی داد رسی، میرٹ پر ملازمتوں کی فراہمی، گراں فروشوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی، کرپٹ لوگوں سے قومی دولت واپس لینے بجلی، گیس، پیڑول کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ یوٹیلیٹی بلوں سے بلا جواز ٹیکس ختم کئے جائیں، کشکول توڑ کی حکومتی اخراجات میں کمی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 868556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش