0
Sunday 14 Jun 2020 23:57

پاراچنار، صوبائی حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری میں رقوم تقسیم

پاراچنار، صوبائی حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری میں رقوم تقسیم
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی حکومت خیبر پختون خواہ میں اقلیتی برادریوں کے مسائل حل کرنے اور اقلیتی برادری کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہماری حکومت نے مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی خیبر پختون خواہ کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر نے پاراچنار میں کرسچین کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خیبر پختون خواہ میں اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزشت نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ حکومت نے اقلیتوں کے فلاح و بہبود کے لئے وافر مقدار میں فنڈ مختص کئے ہیں، جس سے ہمارے صوبے میں اقلیتی برادریوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے قبائلی اضلاع تک رسائی میں دیر ہوئی مگر آج گو ناگوں مسائل کے باوجود ہم پاراچنار پہنچ گئے ہیں۔ 

ایم پی اے ویلسن وزیر نے اس موقع پر پاراچنار کے 186 اقلیتی خاندانوں میں دس، دس ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران یہاں کے طلباء کو سکالرشپ اور مذہبی اساتذہ کو تیس تیس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ جبکہ جہیز فنڈز سے جن نوجوانوں کی شادیاں ہونے والی ہوں یا جن کی شادیاں ہوچکی ہوں ان کو پچاس پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے، اسی طرح برادری کے بیمار افراد کے لئے گرانٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے دونوں چرچ اور صدہ کے دو گوردوارں کی  تزائین و آرائش کی جائے گی جبکہ قبرستان کے لئے چار دیواری اور اراضی کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے ہدایات کے مطابق ہم اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل کرنے کے لئے عوام کے دہلیز پر پہنچ گئے ہیں۔ انشاءاللہ اب اقلیتی برادری کے مسائل حل ہوں گے، اس سے پہلے پادری ریاض اور ملک جیمز نے ایم پی اے ویلسن وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے دورہ پاراچنار کو خوش آئند قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 868594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش