0
Monday 15 Jun 2020 03:30

رکن اسمبلی عارف جتوئی کا کورونا ٹیسٹ، سرکاری اسپتال کی مثبت، نجی اسپتال کی منفی رپورٹ

رکن اسمبلی عارف جتوئی کا کورونا ٹیسٹ، سرکاری اسپتال کی مثبت، نجی اسپتال کی منفی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن اسمبلی عارف جتوئی کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سرکاری اسپتال سے مثبت آئی اور نجی اسپتال سے منفی آئی جبکہ سندھ سیکریٹریٹ میں قواعد و ضوابط کی پابندی کے باوجود 7 سرکاری ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے تین سیکریٹریز، ایک ڈپٹی سیکریٹری سمیت 7 ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری سروسز عدیل سمیت 7 ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوئی، سیکریٹری تعلیم خالد حیدر نے  پہلے ہی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ محکمہ ورکس اینڈ سروسز عمران عطا سومرو اور سیکریٹری بلدیات روشن شیخ نے بھی خودکو قرنطینہ کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن سندھ اسمبلی عارف جتوئی نے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا۔ عارف جتوئی نے بتایا کہ سرکاری اسپتال میں کرائے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جب نجی اسپتال سے ٹیسٹ کرایا تو اُس کی رپورٹ منفی آئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مجھے کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، دو روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کرواؤں گا۔

قبل ازیں دس مئی کو مسلم لیگ فنکشنل اور حُر قبیلے کے روحانی پیشوا پیر پگارا کے صاحبزادے اور رکن سندھ اسمبلی راشد شاہ راشدی نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر مخالفین کو کورونا میں مبتلا قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ سندھ کے علاقے پیر جو گوٹھ میں سندھ حکومت نے جعلی کورونا ٹیسٹ کروائے اور مخالفین کو کورونا میں مبتلا قرار دیا۔ راشد شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب نجی اسپتال سے اپنا ٹیسٹ کروایا تو اُس کی رپورٹ منفی آئی تھی جبکہ سرکاری رپورٹ میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 868611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش