0
Monday 15 Jun 2020 09:50

شہید شجاعت بخاری کو نڈر کشمیری صحافی کے طور پر یاد رکھا جائے گا، علی رضا سید

شہید شجاعت بخاری کو نڈر کشمیری صحافی کے طور پر یاد رکھا جائے گا، علی رضا سید
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شہید صحافی سید شجاعت بخاری جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں، کو ایک نڈر صحافی اور کہنہ مشق کشمیری دانشور کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ شہید شجاعت بخاری کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ شجاعت بخاری نے کشمیری صحافی اور دانشور کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خاص طور پر کشمیریوں کی مشکلات کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شجاعت بخاری کو ان کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خصوصاً کشمیریوں کے حقوق کو نمایاں کرنے کی کوششوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ اخبار رائزنگ کشمیر کے چیف ایڈیٹر اور نامور کشمیری دانشور سید شجاعت بخاری دو سال قبل 14جون کے دن روزے کی حالت میں افطاری سے تھوڑی دیر قبل سری نگر کے میڈیا انکلیو میں اپنے دفتر کے قریب نامعلوم دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہو گئے تھے۔

علی رضا سید نے کہا کہ شجاعت بخاری کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی طرف سے جاری ہونے والی اس رپورٹ سے چند گھنٹے قبل شہید کیا گیا جس میں اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی فوری بین الاقوامی انکوائری کرنے پر زور دیا تھا۔ 14جون 2018ء کو 49 صفحات پر مشتمل اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر رکوانے اور سات دہائیوں سے ظلم و ستم کا شکار کشمیریوں کو فوری انصاف دلانے پر زور دیا گیا تھا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ شجاعت بخاری جنہوں نے کشمیریوں کیلئے اچھی زندگی کے حصول کی جدوجہد میں اپنی جان دے دی، کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ ایک وطن پرست کشمیری تھے اور ان کی تحریروں سے ان کی شجاعت اور صاف گوئی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اور کشمیریوں کی موجودہ آبرومندانہ زندگی اور خوشحال مستقبل ان کی دلی خواہش تھی۔

علی رضا سید نے کہاکہ وہ شجاعت بخاری کو کئی سالوں سے جانتے تھے اور انہوں نے کشمیر میں پائیدار امن اور کشمیریوں کی باوقار زندگی کی خواہش کو ہمیشہ ان کے افکار میں مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس سے پہلے بھی کئی نامور کشمیری شخصیات کو شہید کرچکی ہے لیکن وہ ان گھناؤنے و ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔ علی رضا سید نے اپنے بیان میں شجاعت بخاری کے قتل کیس کی تحقیقات اب تک بے نتیجہ ہونے پر افسوس کا ظاہر کرتے ہوئے اس کیس میں انصاف دلانے کے لیے بین الاقوامی نگرانی میں آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل عام، بے شمار لوگوں کی گرفتاری اور خاص طور پر حالیہ دنوں کورونا وائرس کی آڑ میں ظلم و ستم اور سخت پابندیوں کےجاری رہنے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کا وعدہ خود بھارت نے ان سے کیا تھا۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرائے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 868627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش